 | | | صدر زرداری نے گزشتہ ستمبر طالبان کو کینسر قرار دیا تھا |
پاکستانی صدر آصف زرداری نے طالبان کو پاکستان کے وجود کے لیے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ طالبان نے ملک کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف لڑنا ملک کی بقا کے لیے ضروری ہوگیا ہے۔ امریکی ٹیلی ویژن سی بی ایس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ طالبان پاکستانی ریاست پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سی بی ایس نیوز کا ایک انٹرویو اتوار کو نشر کیا جانے والا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ ماضی میں پاکستان طالبان کے خطرے سے انکار کرتا رہا ہے جسے شدت پسندوں کمزوری سمجھ کر فائدہ اٹھایا۔ چند روز قبل امریکی صدر باراک اوباما نے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شدت پسند پاکستان کے قبائلی علاقوں کے محفوظ ٹھکانوں میں سرگرم ہیں۔ صدر اوبامہ نے کہا تھا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس خطرے کے خلاف لڑائی میں پاکستان ایک مضبوط اتحادی ہے۔ گزشتہ ستمبر صدر آصف زرداری نے طالبان کو پاکستانی معاشرے کے لیے ایک کینسر قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا وہ ان کے خلاف صرف اس لیے نہیں کہ انہوں نے بینظر بھٹو کو ہلاک کیا تھا۔ آصف زرداری نے مزید کہا تھا کہ طالبان نے ان کے بچوں سے ان کی ماں کو چھین لیا اور وہ ان سے آکسیجن چھین لیں گے تاکے ملک میں کوئی طالب باقی نہ رہے۔ اس وقت جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ کو ڈر نہیں لگتا تو آصف زرداری نے کہا کہ انہیں تشویش ضرور ہے لیکن خوف نہیں ہے۔ |