سوات: آپریشن ختم کرنے کا مطالبہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے شورش زدہ سوات میں فوجی آپریشن کے خلاف ہزاروں شہریوں کی جانب سے اپنی نوعیت کا ایک بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا ہے جس میں فوجی کارروائی فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ احتجاجی مظاہرہ تحصیل بری کوٹ کے بازار میں ہوا ہے جس میں آس پاس کے گاؤں سے آئے ہوئے ہزاروں شہریوں نے شرکت کی ہے۔مظاہرے کے دوران شہریوں نے سفید جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ فوجی آپریشن کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فوجی آپریشن کے دوران شہریوں کو پہنچنے والے جانی و مالی نقصان پر فوجی کارروائی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد از جلد کارروائی بند کرے اور مختلف علاقوں میں کرفیو کو اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت نظام عدل ریگولیشن فوری طور نافذ کرے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ تین دن کے بعد پشاور اور مینگورہ شاہراہ کو بند کرکے دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر لوگوں نے دو گھنٹے تک پشاور اور مینگورہ شاہراہ کو بھی بند کردیا۔احتجاجی مظاہرہ اتنا بڑا تھا کہ بازار میں جگہ کم پڑ گئی اور لوگ آس پاس کی دکانوں اور مارکیٹوں کی چھتوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوات میں فوجی آپریشن کے دوران اتنا بڑا مظاہرہ اس سے پہلے نہیں دیکھا تھا۔ سوات میں گزشتہ کئی دنوں سے شہریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق منگل کو بھی مینگورہ میں ہونے والے ایک مظاہرے میں شہریوں کے جذبات کی شدت دیکھتے ہوئے حکومت نے دن کے وقت کرفیو کےنفاذ کا اعلان کیا۔ سوات میں چھبیس جنوری سے شروع ہونے والی فوجی کارروائی کے تیسرے مرحلے کے بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے داغےگئے گولوں میں سو کے قریب شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ آپریشن میں شہریوں کی ہلاکت اور نقل مکانی سے تنگ آئے ہوئےلوگوں کی جانب سے ہونے والے مظاہروں کا فائدہ علاقے میں سرگرم مسلح طالبان کو پہنچ رہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||