ہالبروک، ملاقاتوں کا سلسلہ شروع | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دورے پر آئے امریکی نمائندہ خاص رچرڈ ہالبروک نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کے ساتھ پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے۔ خصوصی ایلچی کی حیثیت سے سڑسٹھ سالہ سابق سفارت کار کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی ایلچی نے اپنے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ میں منگل کی صبح وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔ سوموار کی شب اسلام آباد پہنچنے کے بعد اپنے جارحانہ سفارتی داؤ پیچ کے لئے دنیا بھر میں مشہور امریکی خصوصی ایلچی نے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں قیام کے دوران سیاسی اور فوجی قیادت کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے افغانستان اور پاکستان کے لئے مقرر کردہ خصوصی ایلچی کی خطے میں موجودگی کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔ خود رچرڈ ہالبروک کا بھی کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے بارے میں امریکی پالیسی میں تبدیلی کے لئے تجاویز تیار کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں مزید تین روز قیام کے دوران وہ صدر اور وزیراعظم کے علاوہ، بری فوج کے سربراہ اور دیگر سیاسی اور فوجی راہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ رچرڈ ہالبروک ان ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مختلف پہلوؤں کے علاوہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کے بارے میں بھی سرکاری حکام سے بات کریں گے جنہیں ایٹمی مواد کے غیر قانونی پھیلاؤ کے الزامات کے تحت پانچ برس نظر بند رکھنے کے بعد عدالت کے حکم پر گزشتہ ہفتے رہا کیا گیا ہے۔ اپنی آمد کے فوراً بعد ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس ملک کے بارے میں اصل زمینی حقائق جاننے اور سننے کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں پاکستان کا دورہ کرنے پر خوش ہوں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئےمتعدد پاکستانی رہنماؤں سے مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کروں گا۔‘ ہالبروک کے مطابق’میں پاکستانی رہنماؤں سے مذاکرات کا منتظر ہوں جن کی بنیاد پر واپس جاکر میں امریکی صدر اور وزیر خارجہ کو اپنی رپورٹ پیش کروں گا۔‘ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے رچرڈ ہالبروک کی تقرری کے فوراً بعد ایک امریکی اخبار میں لکھے گئے ایک مضمون میں انکا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادار کرنے پر زور دیا تھا۔ |
اسی بارے میں ’افغانستان عراق سے زیادہ کٹھن‘09 February, 2009 | آس پاس ’ہالبروک کشمیر میں کردار ادا کریں‘28 January, 2009 | پاکستان ہولبروک آئندہ ہفتے پاکستان جائیں گے30 January, 2009 | پاکستان ’کشمیرہولبروک ایجنڈے پر نہیں‘ 07 February, 2009 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||