ڈیرہ بگٹی:گیس کے کنوئیں پر دھماکہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں لوٹی میں ایک گیس کے کنویں کو نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ہے۔ لوٹی میں پچیس سے زیادہ گیس کے کنوئیں ہیں اور اب ایک ہفتے میں یہ دوسرا گیس کا کنواں ہے جسے تباہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لوٹی میں کنواں نمبر ایک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے اور یہ واقعہ رات دیر سے پیش آیا ہے۔ یاد رہے کہ ایک ہفتہ پہلے لوٹی میں کنواں نمبر تین کو دھماکے سے اڑایا گیا تھا۔ دریں اثناء اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نے اس حملے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے۔ چار روز پہلے کوئٹہ کے قریب دشت کے علاقے میں بھی ایک گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا جس کی ذمہ داری ایک اور کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان نے کی قبول کی تھی۔ دشت کے قریب دیہاتوں سے لوگوں نے بتایا ہے کہ تین چار روز سے انہیں گیس کی ترسیل معطل ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ رات نامعلوم افراد نے خضدار میں چاندنی چوک میں پولیس کی چوکی پر دستی بم پھینکا لیکن حکام کے مطابق پولیس اہلکار تو محفوظ رہے جبکہ ایک شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ خضدار کے پولیس افسر غلام علی لاشاری نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں کو ہی نشانہ بنایا تھا لیکن اس کی زد میں عام مقامی شہری آئے ہیں۔ بلوچستان میں کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں پولیس اہلکاروں پر حملے ہوتے رہے ہیں گزشتہ ماہ کی چودہ تاریخ کو کوئٹہ میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت چار اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ | اسی بارے میں ڈیرہ بگٹی، گیس لائن اڑا دی گئی21 January, 2009 | پاکستان جعفر ایکسپریس پر فائرنگ04 January, 2009 | پاکستان کوئلہ کان میں دھماکہ، ایک ہلاک04 January, 2009 | پاکستان اوچ پائپ لائن دھماکے میں تباہ30 December, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||