BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 31 January, 2009, 03:41 GMT 08:41 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’پاک، بھارت تعلقات رپورٹ پر منحصر‘

امتیاز عالم
امتیاز عالم: پہلی بار اتنا غصہ اور تشویش نظر آئی
بھارت کے دورے سے لوٹنے والے غیر سرکاری پاکستانی امن مشن کے اراکین نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل کے تعلقات کا انحصار ممبئی حملوں کے بارے میں اس جوابی رپورٹ پر ہے جو پاکستان ایک دو روز میں جاری کرنے والا ہے۔

یہ بات انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ عاصمہ جہانگیر اور ساؤتھ ایشن فری میڈیا ایسوسی ایشن یعنی سیفما کے سربراہ امتیاز عالم، معروف کالم نویس و دانشورمنو بھائی اور دورۂ بھارت میں شامل وفد کے دیگر اراکین نے سیفماکے دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔

سیفما کے امتیاز عالم نے کہا کہ پچھلے دس برس کے دوران انہیں بھارت کے شہری حلقوں میں ایسا غصہ اور تشویش نظر نہیں آئی جو اس بار تھی۔ ان کے بقول انڈیا میں صبر کاپیمانہ صفر اور اعتماد ختم ہوچکا ہے اور امن کا عمل رک چکا ہے۔

انہوں نے کہا ’آخری لکیر یہ بیان کی جارہی ہے کہ انڈیا کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کی بنیادپر پاکستان کیا تفتیش کرتا ہے اور جو ڈوسیئر پاکستان ایک دوروز میں جاری کرنے والا ہے اس پر انحصار ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کا کیا مستقبل ہوگا۔‘

آخری لکیر
 ’آخری لکیر یہ بیان کی جارہی ہے کہ انڈیا کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کی بنیادپر پاکستان کیا تفتیش کرتا ہے اور جو ڈوسیئر پاکستان ایک دوروز میں جاری کرنے والا ہے اس پر انحصار ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کا کیا مستقبل ہوگا۔
امتیاز عالم، جنرل سکریٹری سیفما
پاکستان کی سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل پاکستانی امن مشن گزشتہ ہفتے ہی انڈیا سے لوٹا ہے۔ وفد روانگی سے پہلے پاکستانی صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرکے گیا تھا۔ لیکن بھارت میں وہ سیکرٹری خارجہ کے علاوہ کسی اہم حکومتی عہدیدار سے نہیں مل سکا۔

انسانی حقوق کمشن کی سربراہ عاصمہ جہانگیر نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ امید تو پہلے بھی نہیں تھی کہ بھارتی وزیراعظم ان کے استقبال کے لیے پھولوں کے ہار لیے کھڑے ہوں گے لیکن اس کے باوجود بھارتی جنتا پارٹی کے سوا ان کی تمام قابل ذکر سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن عمل کا مطلب صرف یہی نہیں ہے کہ دونوں طرف کے چند لوگ ایک دوسرے کو لپک لپک کر گلے لگائیں اور اوپری اوپری باتیں کرے واپس چلے جائیں۔

عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ امن مشن کا اصل کام یہ ہے کہ ایک دوسرے کی تشویش کو سنیں اور اسے دور کرنے کی کوشش کریں۔

معروف کالم نگار منو بھائی نے بی بی سی سے گفتگوکرتےہوئے کہا کہ ’وہ ناراض ہیں، انہیں تکلیف پہنچی ہے، وہ زخمی ہیں۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پہلی بار شدت پسند دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن کے طور پر سامنے آئے ہیں۔‘

مشترکہ دشمن
 وہ ناراض ہیں، انہیں تکلیف پہنچی ہے، وہ زخمی ہیں۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پہلی بار شدت پسند دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
منو بھائی، رکنِ وفد
انہوں نے اعتراف کیا کہ انڈیا میں جو رویہ پاکستانی وفد کے ساتھ روا رکھا گیا انہیں اس کی توقع نہیں تھی۔ لیکن ان کے بقول خوش کن بات یہ ہے کہ انڈیا کی سول سوسائٹی یہ بات سمجھتی ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستانی حکومت یا پاکستانی خفیہ ایجسنیاں ملوث نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ (بھارتی)سمجھتے ہیں کہ ممبئی حملے ان لوگوں کی کارروائی تھی جو یہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی افواج قبائلی علاقوں اور فاٹا سے اپنی توجہ ہٹا کر انڈیا کے باڈر پر آجائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری امن عمل کا ہی نتیجہ ہے کہ ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کی فوجیں ایک دوسرے کے سامنے آکر نہیں کھڑی ہوئیں حالانکہ ماضی میں بھارتی پارلیمان پر حملے کے بعد ایسا ہوگیا تھا۔

سیفما کے سربراہ امتیاز عالم نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کےسربراہ اگر بھارت چلے جاتے اور ملزمان کے پاکستانی ہونے سے مسلسل انکار نہ کیا جاتا تو شاید دونوں ملکوں کے حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی تفتیش انڈیا کی توقعات کے مطابق نہ ہوئی تو مشکلات پیدا ہوں گی، دوطرفہ تعلقات میں سرد مہری آئے گی اورنوبت جنگ تک پہنچ سکتی ہے۔

سیفما کے سربراہ ا نے متنبہ کیا کہ ممبئی حملوں جیسا دوسرا کوئی بھی واقعہ جنگ کا سبب بن سکتا ہے جس سے دونوں ملکوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد