بیرونی عناصر کی کارروائیوں کا خطرہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں اس سال اندرونی مذہبی فرقہ واریت کی بجائے بیرونی عناصر کی جانب سے محرم کے دوران کشیدگی پھیلانے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ منگل کو جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں محرم کی سکیورٹی کے حوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے مذہبی امور احسان الدین قریشی، صوبائی وزیرِ محنت و افرادی قوت محمد اشرف سوہنا، پنجاب پولیس کے سربراہ شوکت جاوید، وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری اور چیئرمین متحدہ علماء بورڈ صاحبزادہ فضل کریم سمیت علاقے کے سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور سرکاری عہدایداروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزراء اور مذہبی علماء نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں مذہبی فرقہ واریت کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم دہشت گردی میں لپٹے ہوئے موجودہ حالات میں بیرونی شر پسند عناصر ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے محرم میں سکیورٹی کی نازک صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور محرم کے جلوسوں اور محفلوں پر حملہ کر کے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے سکتے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس شوکت جاوید نے سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی دونوں قسم کے خطرات سے دو چار ہے۔ ان کے بقول ایسے حالات میں مذہبی علماء کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ تحمل اور بھائی چارے کا پرچار کریں تاکہ محرم کے دوران فرقہ واریت پروان نہ چڑھے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم میں امنِ عامہ کو یقینی بنانے کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات پر ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت ہر ڈویژن میں دو صوبائی وزیر سکیورٹی کے امور کی دیکھ بھال کریں گے۔ کسی غیر متوقع صورتحال میں رابطے کے لیے ایک کنٹرول روم بھی چوبیس گھنٹے الرٹ پر ہو گا۔ آئی جی شوکت جاوید کا دعویٰ تھا کہ پنجاب پولیس محرم کے دوران مؤثر سکیورٹی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اگرچہ اس اجلاس میں بیرونی شر پسند عناصر کے پس منظر میں کسی ملک کا براہِ راست نام نہیں لیا گیا لیکن ممبئی سانحے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کی روشنی میں یہ عندیہ ملتا ہے کہ دو ہزار نو کے محرم میں ناصرف اندرونی بلکہ بیرونی خطرات کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کی حکمتِ عملی طے کی گئی ہے۔ | اسی بارے میں محرم کے لیے سخت حفاظتی انتظامات30 December, 2008 | پاکستان صحافی قتل، عراق کے بعد پاکستان30 December, 2008 | پاکستان انتخابات اور نئی پارلیمانی روایات کا سال 31 December, 2008 | پاکستان کشیدگی میں کمی، پاکستان کی تجاویز30 December, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||