ریاض سہیل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
| | سندھ کے شہر گولاڑچی کے علاوہ پاکستان میں کہیں اور مظاہرہ نہیں ہوا |
سندھ کے شہر گولاڑچی میں صحافیوں نے عراقی صحافی منتظر الزیدی کی حمایت میں ریلی نکالی ہے جس میں زیدی کو عالمی ہیرو قرار دیا گیا ہے۔ بدین ضلعے کی تحصیل گولاڑچی کے صحافیوں کی اس ریلی کی قیادت صحافی مہر الدین مری کر رہے تھے جو جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں کئی ماہ پاکستان کے ریاستی اداروں کی حراست میں رہ چکے ہیں۔ منگل کے روز پریس کلب کے باہر صحافیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہر الدین مری، محمد حنیف زئی، حاجی غلام سرور نے امریکی صدر بش کو امن کا دشمن اور دنیا میں دہشت گردی کا بانی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منتظر الزیدی نے جرات کا مظاہرہ کرکے صحافیوں کا سر بلند کردیا ہے۔ انہوں نے زیدی کی غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ احتجاجی ریلی کے بعد پریس کلب کے اجلاس میں منتظر زیدی کو پریس کلب کی تاحیات رکنیت دی گئی اور ان کا نام رجسٹر میں درج کیا گیا۔ مہر الدین مری سے جب میں نے یہ سوال کیا کہ کیا ایک صحافی کا ایسا اقدام صحافتی اقدار کے خلاف نہیں ہیں تو ان کا کہنا تھا جب قوم عذاب میں سے گزر رہی ہو اور خود کا خاندان بھی اسی قوم کا حصہ ہو تو ایک صحافی خود کو اس صورتحال سے کیسے الگ رکھ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منتظر زیدی نے یہ سبق دیا ہےکہ اس کی صحافت دھرتی اور اس کی قوم کے لئے تھی جس پر اس نے سمجھوتہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پورے پاکستان میں گولاڑچی واحد شہر ہے جس کے صحافیوں نے منتظر زیدی سے عملی یکہجتی کا اظہار کیا ہے۔ سیاسی، سماجی اور صحافتی علاقوں میں یہ واقعہ زیر بحث ضرور ہے مگر کہیں سے بھی صحافی زیدی کی حمایت یا مذمت کا بیان تک سامنے نہیں آیا۔ |