ذیشان ظفر بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد |  |
 | | | پارٹی کے کارکن ایک ماہ تک سوگ بھی منائیں گے |
حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے ستائیس دسمبر کو پارٹی کی مرحومہ قائد بینظیر بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر ملک میں تعطیل عام ، ڈاک کا ٹکٹ اور خصوصی سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کے روز اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت پارٹی کی سنٹرل کمیٹی اور ایف سی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم کو تجویز پیش کی گئی کہ ستائیس دسمبر کو پارٹی کی مرحومہ چیئرپرسن بینظیر بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر ملک میں تعطیل عام کا اعلان کیا جائے۔ جہانگیر بدر کے مطابق وزیر اعظم نے ستائیس دسمبر کو تعطیل عام کے سرکاری اعلان کی تجویز مان لی ہے۔ اس کے علاوہ اسی روز خصوصی سکہ اور ڈاک کے ٹکٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ جہانگیر بدر نے مزید کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بینظیر بھٹو کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کروانے کے لیے عالمی سطح پر لابنگ کی جائے گی اور اس سلسلے میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اپنا اثر رسوخ استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیس نومبر کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے کارکن ایک ماہ کے سوگ کا آغاز کریں گے ۔ سوگ کے دوران خصوصی تقریبات ہوں گی جس کے تحت ملک بھر میں سمیمنار اور ورکرز کے کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔ جہانگیر بدر کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرحومہ چیئرپرسن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی ڈیموکریسی کانفرس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کی تاریخ کا اعلان چند روز تک کر دیا جائے گا۔ واضع رہے کہ پیپلز پارٹی کی مرحومہ چیئرپرسن بینظیر بھٹو گذشتہ سال ستائیس دسمبر کو اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کے بعد ایک خودکش حملے میں ہلاک ہو گئیں تھیں۔ جبکہ اس سال بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر حکومت نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو ائرپورٹ رکھ دیا تھا۔ |