BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 07 November, 2008, 11:41 GMT 16:41 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اوباما کے خاموش پاکستانی دوست

اوباما
محمد حسن نے دو ہزار تین سو ڈالر اوباما کی ابتدائی مہم کے دوران فنڈ دیے اور اضافی تین سو نو ڈالر انتخابات کے آخری مراحل میں دیے

امریکا کے نو منتخب صدر باراک اوباما کی کامیابی پر ان کے لاکھوں مداحوں کی طرح ان کے وہ محدود پاکستانی دوست بھی خوش ہوئے ہیں جن کے ساتھ انہوں نے اسّی کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں پاکستان کے دورے کے دوران اپنا وقت گزارا تھا اور تیتروں کا شکار کیا تھا۔

پاکستان میں وہ اپنے دوست محمد حسن چنڈو کے خاندان کے مہمان تھے۔ اوباما کے پریس سیکرٹری بل برٹن کے مطابق محمد حسن چنڈو اوباما کے زمانہ طالب علمی کے دوست ہیں۔

میمن برادری سے تعلق رکھنے والے محمد حسن نیویارک میں مستقل مقیم ہیں اور وہاں اپنی معاشی مشاورت کی فرم سنبھالتے ہیں۔

باراک اوباما کی انتخابی مہم کی ویب سائٹ کےمطابق محمد حسن نے دو ہزار تین سو ڈالر اوباما کی ابتدائی مہم کے دوران فنڈ دیے اور اضافی تین سو نو ڈالر انتخابات کے آخری مراحل میں دیے۔

باراک اوباما کے پاکستانی دورے کے بارے میں بعض متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق اوباما نے سینیٹ کے چیئرمین محمد میاں سومرو کے کراچی میں واقع گھر میں قیام کیا تھا اور انہوں نے جیکب آباد، شکارپور یا لاڑکانہ میں تیتروں کا شکار کیا تھا۔

 باراک اوباما محمد میاں سومرو کے گھر نہیں محمد حسن چنڈو کے گھر ٹھہرے تھے اور ان کے مشترکہ دوستوں سے ملاقاتیں کی تھیں
ھمیر سومرو

سومرو قبیلے کے سربراہ اور انڈس ویلی سکول آف آرٹس کے استاد ھمیر سومرو ان اطلاعات کی تردید کرتے ہیں۔ ھمیر سومرو نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ باراک اوباما محمد میاں سومرو کے گھر نہیں محمد حسن چنڈو کے گھر ٹھہرے تھے اور ان کے مشترکہ دوستوں سے ملاقاتیں کی تھیں۔

باراک اوباما نے کراچی میں محمد حسن کے جن دوستوں کی دعوتوں میں شرکت کی تھی ان میں آغا جان اختر بھی شامل ہیں جو وزیراعلٰی سندھ کے خصوصی معاون ہیں اور آجکل بیرون ملک اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیوں پر ہیں۔

ھمیر سومرو کے مطابق آغا جاوید کے پاس باراک اوباما کی ان دنوں کی تصاویر بھی محفوظ ہیں جب وہ کراچی میں دورے پر آئے تھے۔

بارک اوباما کی سوانح حیات اور ان کی انتخابی مہم کی ویب سائٹ پر ان کے ماضی میں کیے گئے پاکستانی دورے کی زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں ہیں مگر ھمیر سومرو کے مطابق باراک اوباما اور ان کے دوستوں نے بدین کے علاقے ٹنڈو غلام علی میں شکار کیا تھا۔ وہاں پر وہ پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر پپو کے بڑے بھائی میر غلام علی کے مہمان تھے۔

میر پپو نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ ان دنوں اوباما کی شہرت زیادہ نہیں تھی اور وہ انہیں ان کے بڑے بھائی کے مہمان کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ میر پپو کےبڑے بھائی میر غلام علی اپنا زیادہ وقت کینیڈا میں گزارتے ہیں۔

باراک اوباما کے ماضی میں کیے گئے پاکستانی دورے کی خبر ان کی انتخابی مہم کے دوران اس وقت منظرعام پر آئی جب انہوں نے سان فرانسسکو میں ایک سنڈے نائٹ کے خطاب کے دوران اس دورے کا ذکر کیا۔ اس رات انہوں نے جان مکین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور انہیں وہاں پر اسّی کے ابتدائی برسوں میں ہی معلوم ہوا تھا کہ سنی اور شیعہ مسلمان کیا ہوتے ہیں۔

نیویارک ٹائمز اخبار کی رپورٹر لیری روہٹر نے دس اپریل کو اپنی ایک طویل رپورٹ میں لکھا تھا کہ باراک اوباما نے پاکستانی دورے کا پہلی مرتبہ ذکر کیا ہے۔ انہیں اوباما کی مہم کے انچارج نے بتایا تھا کہ بارک اوباما پاکستان میں اپنے کالج کے دنوں کےدوست محمد حسن کے مہمان تھے۔

اخبار کی رپورٹ کےمطابق ان کے ایک اور دوست واحد حامد بھی پاکستانی ہیں جو ان کے کالج دنوں کے دوست ہیں۔ واحد حامد آج کل نیویارک میں مقیم ہیں اور وہاں پیپسی کو کے نائب صدر ہیں۔ اوباما کی انتخابی مہم کے پبلک ریکارڈ کے مطابق مسٹر واحد حامد نے خود دو ہزار تین سو ڈالر مہم دوران دیے اور وہ اوباما کی انتخابی مہم کے لیے فنڈ ریزر بنے رہے۔

باراک اوباما نے اپنی کتاب ’ڈریمز فرام مائی فادر‘ میں اپنے ایک اور پاکستانی روم میٹ صادق کا ذکر کیا ہے جو وزٹ ویزے پر نیویارک پہنچے تھے مگر ویزے کی معیاد ختم ہونے کےباوجود وہ امریکا میں ٹھہرگئے تھے۔

مگر اوباما کی انتخابی مہم کےدوران صادق کا کہیں سے کوئی ذکر نہیں ہوا اور وہ ان کےگمنام پاکستانی دوست بنے رہے۔

 اخبار کی رپورٹ کےمطابق ان کے ایک اور دوست واحد حامد بھی پاکستانی ہیں جو ان کے کالج دنوں کے دوست ہیں۔ واحد حامد آج کل نیویارک میں مقیم ہیں اور وہاں پیپسی کو کے نائب صدر ہیں۔ اوباما کی انتخابی مہم کے پبلک ریکارڈ کے مطابق مسٹر واحد حامد نے خود دو ہزار تین سو ڈالر مہم دوران دیے اور وہ اوباما کی انتخابی مہم کے لیے فنڈ ریزر بنے رہے۔

باراک اوباما کے کالج دوست محمد حسن چنڈو کو بعض ویب سائٹس اور پاکستانی میڈیا نے چانڈیو لکھ دیا تھا جس کی وجہ سے لاڑکانہ سے وابستہ چانڈیو قبیلے کے سربراہ کے بیٹے سردار چانڈیو کو محمد حسن کا پتہ معلوم کرنے کےلیے کئی اہم فون آنے لگے۔ مگر سردار کے ایک ساتھی منظور مارفانی نےبی بی سی کو بتایا کہ محمد حسن کا پتہ نہیں چل رہا کہ وہ کہاں کے اور کون سے چانڈیو ہیں۔

باراک اوباما زمانہ طالب علمی کے بعد انڈونیشیا میں اپنی والدہ اور سوتیلی بہن مایا سوئتونگ سے ملنے کے بعد پاکستانی دورے پر پہنچے تھے۔ انہوں نے کراچی اور حیدرآباد کا دورہ کیا اور ٹنڈو غلام علی میں شکار کیا مگر ان کی کتابوں، ویب سائٹ اور ترجمان نے ان پاکستانی دورے کے ساتھ شکار کا لفظ استعمال کرنے سے گریز کی ہے۔

باراک اوباما کے پاکستانی دوستوں سے وابستہ ذرائع کے مطابق باراک اوباما نے انتخابی مہم سےقبل دوبارہ پاکستانی صوبے سندھ کادورہ کرنےکی خواہش کا اظہار کیا تھا مگر ان کے میزبانوں نے ان کےسینیٹر منتخب ہونے کے بعد حفاظتی حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

ان ذرائع کے مطابق باراک اوباما اپنے دوستوں کی معرفت پاکستان کے اندرونی مسائل اور حالات سے پہلے ہی بخوبی واقف ہوچکے ہیں مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان کے پاکستانی دوست میڈیا سے دور اور اپنے آپ کو لو پروفائل میں رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ پاکستان اور نومنتخب امریکی صدر کے درمیاں حساس معاملات میں’سینڈوچ‘ ہونےسے محفوظ رہ سکیں۔

اوبامااوباما اور پاکستان
افغانستان اور عراق کے ساتھ پاکستان اہم
نئے امریکی صدرنئے امریکی صدر
اوباما کے انتخاب پر پاکستان میں رد عمل
اوباماتہلکہ مچانے والے
اوباما نے فنڈ اکٹھے کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے
باراک اوباما مسلم حمایت
اوباما کو مسلمانوں کی حمایت حاصل
طارق علیجنگ کا دائرہ
جنگ پاکستان تک پھیلنے کا خطرہ: طارق علی
پاکستانیوں کی پسند
زیادہ تر پاکستانی امریکی بظاہر اوباما کے ساتھ
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد