اوباما پالیسی تبدیل کریں: طالبان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان اور پاکستان میں سرگرم طالبان نے باراک اوباما کے امریکی صدر منتخب ہونے پر کہا ہے کہ جب تک وہ صدر بش کی پالیسیاں عملاً ترک نہیں کر لیتے تب تک طالبان انکی کامیابی پر خوشی یا دکھ کا اظہار نہیں کر سکتے۔ افغانستان کے ایک نامعلوم مقام سے بی بی سی اردو سروس کے ساتھ بات کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے کہا کہ باراک اوباما کے امریکی صدر منتخب ہونے پر طالبان کی صفوں میں خوشی اور نہ ہی دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول بات امریکی صدر کے چہرے کی تبدیلی کی نہیں بلکہ پالیساں بدلنے کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخاباتی مہم کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار باراک اوباما اور ریپبلیکن پارٹی کے جان مکین نے زور اس بات پر دیا تھا کہ افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اگر وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے جانے والے اس وعدے پر عملدرآمد کرتے ہیں تو پھر طالبان کو ان کے انتخاب پر کوئی خوشی نہیں ہوگی۔ اس سوال کے جواب میں کہ اگر نئی امریکی انتظامیہ طالبان سے بات چیت کی پالیسی بناتی ہے تو کیا وہ مذاکرات کرنے کو تیار ہونگے، قاری یوسف کا کہنا تھا ’مذاکرات صرف اس شرط پر ہونگے کہ افغانستان سے امریکی اور اتحادی افواج کو مکمل طور پر بیدخل کیا جائے۔‘ دوسری طرف پاکستان میں سرگرم طالبان کے ایک ترجمان مسلم خان نے بھی کہا ہے کہ جب تک افغانستان اور عراق سے امریکی فوج کا انخلاء نہیں ہوتا اور پاکستانی حکومت پر امریکی دباؤ برقرار رہتا ہے تب تک امریکہ میں قیادت کی تبدیلی کو ایک بےمعنی عمل سمجھا جائے گا۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مسلم خان کا کہنا تھا ’اگر نومنتخب امریکی صدر باراک اوباما بھی افغانستان اور عراق میں سابقہ پالیسی برقرار رکھتے ہیں اور پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کا راستہ روکا جاتا ہے تو اس صورت میں امریکہ کے خلاف ہماری مسلح جدوجہد پہلے کی طرح جاری رہے گی۔‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باراک اوباما مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے امریکی عوام کے ٹیکس کو دنیا کو بارود کے ڈھیر میں بدلنے کی بجائے ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ | اسی بارے میں اوباما جیت عالمی ذرائع ابلاغ میں05 November, 2008 | صفحۂ اول سینیٹ، ڈیموکریٹ برتری برقرار05 November, 2008 | صفحۂ اول باراک اوباما امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر منتخب05 November, 2008 | صفحۂ اول امریکی ووٹروں نے تاریخ لکھ دی، باراک اوباما صدر، نئی صبح کا وعدہ05 November, 2008 | صفحۂ اول انتخابات، صدر بش اور ان کی وراثت04 November, 2008 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||