خودکش حملے کی دھمکی پر ہائی الرٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
راولپنڈی میں واقع بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خودکش حملے کی دھمکی کے بعد عمارت کے لاؤنج اور پارکنگ ایریا کو خالی کروا لیا گیا ہے اور ایئرپورٹ میں داخل ہونے والے مسافروں اور سامان کی سکیننگ شروع کر دی گئی ہے۔ حفاظتی اقدمات کے تحت صرف انہی افراد کو ائرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے جن کے پاس آج کی پروازوں کے ٹکٹ ہیں۔قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ان حفاظتی اقدمات کے باوجود پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوا ہے۔ ایئرپورٹ کے انچارج محمد حیات جدون نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس حد تک ممکن ہو سکا سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ’جب تک ایئرپورٹ سکیورٹی فورسز کی طرف سے مکمل طور پر کلیئرنس نہیں ملتی اُس وقت تک ائر پورٹ پر سیکورٹی ریڈ الرٹ ہی رہے گا‘۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ادھر اس واقعہ کے بعد ملک کے تمام ایئرپورٹس پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں اور صرف متعلقہ افراد کو ہی ایئرپورٹ کی حدود میں جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ قبل ازیں ہوائی اڈوں کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس ترجمان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ہوائی اڈے کی انتظامیہ کی جانب سے جمعرات کی صبح انہیں بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ حکام کو نامعلوم شخص کی جانب سے خودکش حملے کی دھمکی ملی ہے۔ ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار کے محمد اشرف کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس دھمکی کو معمولی نہیں لیا جا سکتا۔ اے ایس ایف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دھمکی کے بعد ہوائی اڈے کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیےگئے جن میں لابی اور لاؤنج سمیت عوامی اجتماع کے مقامات کو خالی کروانا اورگاڑیوں اور ہوائی اڈے کی حدود میں آنے والے دیگر سامان کی سکیننگ شامل ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام کو ایک ٹیکسی ڈرائیور نے اطلاع دی تھی کہ اس نے مبینہ شدت پسندوں کی ٹیلی فون کال سنی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے کے قریب بےنظیر بھٹو ایئرپورٹ پر خودکش حملہ کرنے والے ہیں۔ اس کال کے بعد حفاظتی اقدامات سخت کرنے کے علاوہ شہر کی پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا۔ ایئرپورٹ سکیورٹی افسران کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس کو ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے اور باہر کے علاقے کو پولیس نے سکیورٹی کلیئرنس دے دی ہے لیکن اے ایس ایف ایسا نہیں کر سکتی ۔ اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزارت دفاع کو اس اقدام کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس فروری میں بھی ایک شخص نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم سکیورٹی اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے اور دستی بم پھٹنے سے ایک مبینہ شدت پسند ہلاک اور تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ | اسی بارے میں خود کش حملہ نہیں تھا: وزیر اطلاعات 06 February, 2007 | پاکستان اسلام آباد میں دسواں خود کش حملہ20 September, 2008 | پاکستان اسلام آباد ائرپورٹ کا علاقہ ممنوعہ09 September, 2007 | پاکستان تمام ہوائی اڈوں پر ’ریڈ الرٹ‘ 08 September, 2007 | پاکستان پشاور ائر پورٹ پر دھماکہ28 April, 2007 | پاکستان پشاورایئرپورٹ: بم دھماکہ،ایک ہلاک26 December, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||