ریاض سہیل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 | | | بلاول بھٹو زرداری کا ووٹر اندراج لاڑکانہ میں ہے جو ان کی والدہ بینظیر بھٹو نے کرایا تھا |
آصف علی زرداری کے آبائی شہر نوابشاہ میں ان کی صاحبزادی بختاور بھٹو کے ووٹ کا اندراج کرایا گیا ہے۔ یہ اندراج نوابشاہ ضلع کی یونین کونسل ون میں بختاور بھٹو زرداری کے نام سے کرایا گیا ہے۔ اب وہ حیدر شاہ کالونی کے پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گی۔ ان کا ووٹ نمبر ایک ہزار چوہتر ہے۔ نوابشاہ کے اسی حلقے سے ان کی پھوپھی عذرا پیچوہو رکن قومی اسمبلی ہیں جب کہ دوسری پھوپھی فریال تالپور ڈسٹرکٹ ناظمہ رہی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے ووٹ کا اندراج لاڑکانہ میں ہے جو ان کی والدہ بینظیر بھٹو نے کرایا تھا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر کارکنوں کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں بلاول لاڑکانہ اور بختاور نوابشاہ سے انتخابات میں حصہ بھی لے سکتے ہیں اور شائد اسی لیے دونوں کے ووٹوں کا انداراج الگ الگ اضلاع میں کرایا گیا ہے۔ ستائیس دسمبر کو سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے بعد ان کے بڑے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی کا چئرمین نامزد کیا گیا تھا۔ جب کہ بختاور بھٹو زرداری کی سیاسی زندگی کا آغاز اس وقت ہوا جب انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے شعبے خواتین کا سربراہ نامزد کیا گیا۔ اُس کے بعد وہ اولمپکس کی ابتدائی تقریب کے علاوہ دنیا کے دوسرے ملکوں میں اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد تقاریب میں شریک ہوتی رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے بانی چئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اپنی بیٹی بینظیر بھٹو کی تربیت بیرونی دوروں پر اپنے ہمراہ لے کر جاکر اور عالمی رہنماوں سے ملاقاتوں میں شامل رکھ کر کی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری آکسفورڈ اور بختاور دبئی کے سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ |