پنجاب، فلور ملوں کی ہڑتال ختم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کی فلور ملوں اور حکومت کےدرمیان ماہ رمضان کے دوران شہریوں کو بیس کلو آٹے کا تھیلا تین سو روپے کے رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا معاہدہ ہوگیا ہےجس کے بعد فلور ملوں نے اپنی ہڑتال ختم کردی ہے۔ پنجاب کے نئے سیکریٹری خوراک عرفان الہی نے اس نئے معاہدے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ فلور ملوں کے لیے سرکاری گندم کی قیمت میں پندرہ روپے فی من کی کمی کردی گئی ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین حبیب لغاری نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ یہ نئی قیمت صرف ماہ رمضان کے لیےمقرر کی گئی ہےجس کے بعد گندم کی سرکاری قیمت دوبارہ طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ’ آٹا کا نیا نرخ مقرر ہو یا نہ ہوگندم کی قیمت ضرور تبدیل کی جائے گی تب ہی فلور ملیں آٹا فراہم کرنے کے قابل ہوسکیں گی۔‘ رمضان سے پہلے مارکیٹ میں آٹے کا یہی تھیلا پونے چار سو روپے تک میں فروخت ہورہا تھا جبکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت سات سو روپے فی چالیس کلوگرام تھی۔ ماہ ستمبر سے فلور ملوں کو سرکاری گندم پانچ سو ساٹھ روپے فی من(چالیس کلوگرام)کے لحاظ سے ملنا شروع ہوئی تو وزیراعلی پنجاب نے اعلان کیا کہ عوام کو بھی بیس کلو آٹے کا تھیلا تین سو روپےمیں ملے گا۔ فلور ملوں نے اس قیمت پر آٹے کی پسائی اور اس کی پیکنگ کو ناقابل عمل قرار دیکر سرکاری گندم خریدنے سے انکار کردیا تھا۔ حکومت پنجاب نے فلور ملوں میں سرکاری اہلکار بٹھا دیئے اور فلور ملوں اور ڈیلروں کو سپلائی کے بجائے مارکیٹ کو براہ راست سپلائی کا نظام وضع کرلیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والے ان اقدمات کی وجہ سے پنجاب کا شہری علاقہ ایک بار پھر آٹے کے بحران کا شکار ہوگیا تھا اور عام شہریوں کو قطار میں لگ کر آٹا لینا پڑرہا تھا۔ سیکریٹری خوراک عرفان الہی نے بتایا کہ ایک دو روز میں آٹے کی سپلائی بحال ہوجائے گی اور قلت دور کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے پاس اس وقت پچیس لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں اور درآمدی گندم سے بھی پنجاب کو دس لاکھ کا حصہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ گندم کے موجودہ ذخائر آئندہ فصل تک کی ضرورت کے لیے کافی ہیں۔ | اسی بارے میں ’زرعی ملک، اس لیے آٹے کی کمی بےجواز‘03 February, 2008 | پاکستان آٹے کی قیمت میں اضافہ یا کمی؟17 April, 2008 | پاکستان آٹے کی اسمگلنگ پکڑی گئی07 June, 2008 | پاکستان سندھ میں فلور ملوں کی ہڑتال ختم04 July, 2008 | پاکستان پاکستان: آٹا بحران کے آثار24 July, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||