مہمند میں طالبان کی باہمی جھڑپ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں مقامی طالبان کے دوگروپوں کے مابین جھڑپ میں پندرہ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ مہمند ایجنسی میں بیت اللہ گروپ کے تحریک طالبان پاکستان کے مقامی ترجمان ڈاکٹر اسد نے کہا کہ ان کے حامیوں نے مخالف شاہ صاحب گروپ کے امیر اور نائب امیر سمیت پندرہ افراد کو قتل کردیا ہے جبکہ ان کے بیس حامیوں اور دو مراکز کو بھی قبضہ میں لیا ہے۔ بیت اللہ گروپ کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مخالف گروپ غیروں کے اشاروں پر چل کر مہمند ایجنسی میں مقامی عسکریت پسندوں کے لیے مسائل پیدا کر رہا تھا۔ ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ مخالفین کے مراکز سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گاڑیاں بھی قبضہ میں لی گئی ہیں۔
مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام عمر خالد گروپ نے مخالف گروہ کے امیر شاہ خالد المعروف شاہ صاحب، نائب امیر اور ان کے دو مراکز پر قبضہ کیا اور ان کے سو سے زائد حامیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ شاہ صاحب اور ان کے نائب امیر سمیت پندرہ افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے شاہ صاحب گروپ کا تعلق اہلحدیث مسلک سے تھا جبکہ عمر خالد اور ان کے حامی دیوبندی مسلک سے بتائے جاتے ہیں۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ گروپ افغانستان میں سرگرم عمل تھا جبکہ وہ مقامی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا تھا۔ مہمند ایجنسی میں ہلاک ہونے والے شاہ گروپ کے امیر شاہ خالد، نائب امیر مولوی عبید اللہ اور تین دیگر حامیوں کی نماز جنازہ سنیچر کی شام عید گاہ پشاور میں ادا کی گئی جس میں شاہ گروپ کے حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد خود کو شاہ صاحب گروپ کے ترجمان ظاہر کرنے والے خطاب نامی ایک شخص نے صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کہا کہ افغانستان میں طالبان کے سربراہ ملا عمر ان کے امیر المومنین ہیں اور ان کا گروپ ملا عمر ہی کے کہنے پر افغانستان میں کفر کے خلاف جہاد کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گروپ نے پاکستان میں کبھی کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ ترجمان نے ملاعمر اور دیگر جہادی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کمانڈر شاہ خالد اور دیگر ساتھیوں کی ہلاکت کا نوٹس لیں اور اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے۔ | اسی بارے میں مہمند ایجنسی، امن کمیٹی کا قیام06 June, 2008 | پاکستان مہمند ایجنسی حملہ: گیٹس کا اظہارِ افسوس02 July, 2008 | پاکستان مہمند ایجنسی: مغوی صحافی رہا05 July, 2008 | پاکستان طالبان کے خلاف قبائل متحد ہو گئے18 July, 2008 | پاکستان مہمند میں جھڑپ، سات ہلاک26 April, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||