سردار اختر مینگل کو رہا کر دیا گیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ سردار اختر مینگل دوسال کی قید کے بعد رہا ہوگئے ہیں۔ سندھ حکومت نے ان کے خلاف ملٹری انٹیلیجنس کے اہلکاروں کے اغوا اور تشدد کا مقدمہ واپس لے لیا تھا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو آج لیاقت ہسپتال سے رہا کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج تھے۔ ان کی رہائی سے قبل صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے ملاقات کی اور ان کی رہائی کو جمہوری حکومت کی جانب سے بلوچ عوام کے لیے تحفہ قرار دیا۔ رہائی کے بعد اختر مینگل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حکومت سے ڈیل کو رد کیا اور کہا کہ بلوچوں کی ڈکشنری میں ڈیل نام کا کوئی لفظ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو، نواب اکبر بگٹی اور بالاچ مری سمیت ان تمام نوجوانوں اور کسانوں کے قتل کی تحقیقات کی جائے جو ڈکٹیٹرشپ کے دوران مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیرات میں کوئی نشست لینا نہیں چاہتے اس لیے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔ کراچی میں اختر مینگل کے خلاف ملٹری انٹیلی جنس کے دو اہلکاروں کے اغوا اور تشدد کا مقدمہ زیر سماعت تھا۔ عدالت اسی مقدمے میں ان کے تین ملازمین کو عمر قید کی سزا سنا چکی ہے۔ حکومت کی جانب سے جمعہ کو عدالت کو تحریری طور پر مقدمہ واپس لینے کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر تین کے جج احمد نواز شیخ نے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ اختر مینگل کے خلاف تمام مقدمات کی واپسی کے اعلان کے بعد صوبائی حکومت نے تحت یہ مقدمہ واپس لیا ہے۔ اس سے بقول بلوچستان میں ان پر دائر مقدمات پہلے ہی واپس لیے جاچکے ہیں۔ دو سال قبل اختر مینگل کو اس وقت بلوچستان کے علاقے حب سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا جب وہ گوادر میں ایک لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے جارہے تھے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے کل جماعتی کانفرنس طلب کرنے کا اعلان کیا گیا ہے قوم پرست جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھانا ہوں گے، اختر مینگل کی رہائی اس کی ایک کڑی سمجھی جارہی ہے۔ | اسی بارے میں مینگل کی رہائی: تاخیر پر مظاہرے08 May, 2008 | پاکستان مینگل کے خلاف دائر مقدمات واپس21 April, 2008 | پاکستان مینگل کی رہائی کے لیے پہیہ جام11 April, 2008 | پاکستان اختر مینگل کی رہائی کا حکم02 May, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||