بیروزگاروں کی تعداد میں کمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ملک میں بیروزگاری کی شرح میں گزشتہ تین برس کے دوران ڈھائی فیصد کے قریب کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران آٹھ لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت خورشید شاہ نے منگل کو سینیٹ میں بتائی۔ سینیٹر ڈاکٹر کوثر فردوس کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں خورشید شاہ نے ایوان کو بتایا کہ سنہ دو ہزار تین سے لیکر دو ہزار سات کے دوران سالانہ بنیادوں ہر ہونے والے لیبر فورس سروے کے مطابق سال دو ہزار تین اور چار میں ملک میں بیروزگار افراد کی تعداد پینتیس لاکھ تھی جو کم ہو کر گزشتہ برس چھبیس لاکھ تک پہنچ گئی۔ انہیں سالوں میں بے روزگاری کا تناسب سات اعشاریہ سات فیصد سے کم ہو کر پانچ اعشاریہ دو فیصد تک پہنچ گیا۔ خورشید شاہ نے بتایا کہ سال دو ہزار چار کے اعداد و شمار دستیاب نہیں کیونکہ اس سال لیبر فورس سروے نہیں کیا گیا تھا۔ سینیٹ میں دئیے گئے تحریری جواب کے مطابق صرف گزشتہ برس دو لاکھ اٹھاسی افراد کو حکومت کے توسط سے بیرون ملک ملازمتیں ملیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک ملازمتیں اختیار کرنے والے ان افراد میں دوسری بڑی تعداد زرعی ماہرین کی ہے۔ دو برس کے دوران اکتیس ہزار سے زائد زرعی ماہرین نے بیرون ملک ملازمتیں اختیار کیں جبکہ اس دوران بیرون ملک بھیجے گئے مزدوروں کی تعداد پینتیس ہزار ہے۔ ایک اور سوال کے تحریری جواب میں خواتین کی ترقی کے وزیر نذر محمد گوندل نے بتایا کہ سال دو ہزار پانچ اور چھ کے دوران ملک بھر میں خواتین کی ترقی کے لئے بیالیس کروڑ روپے مختص کیے گیے تھے جس سے گیارہ ہزار خواتین نے استفادہ کیا۔ ایوان کو بتایا گیا کہ ان میں سے بیشتر خواتین کا تعلق صوبہ پنجاب اور سرحد سے تھا جبکہ سندھ سے صرف آٹھ سو تینتالیس اور بلوچستان سے چھ سو چون خواتین اس فنڈ سے استفادہ کر سکیں۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی چار خواتین اس پروگرام سے مستفید ہونے کی اہل ٹھہری تھیں۔ |
اسی بارے میں ’غریب کی آمدن وہی، خرچہ دوگنا ہوگیا‘15 April, 2008 | پاکستان معاشی ترقی اور سیاسی خطرات25 March, 2008 | پاکستان ’ترقی کا ہدف پورا نہیں ہو گا‘31 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||