یکم مئی پر جلسے اور ریلیاں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں مزدوروں کے عالمی دن کو جمعرات کے روز بھرپور طریقے سے منایا گیا اور اس سلسلے میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کیلئے مُلک کے مختلف شہروں میں ریلیوں، جلسوں اور سیمیناروں کا انعقاد کیا۔ یکم مئی سن انیس سو چھیاسی کو امریکہ کی ریاست شکاگو میں مزدوروں نے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے جانیں قربان کی تھیں اور تب سے لے کر آج تک ہر سال دُنیا بھر کے مزدور اس دن کو اپنے حقوق منوانے کیلئے مناتے آ رہے ہیں۔ لاہور میں سینکڑوں محنت کشوں نے جلسے جلوسوں میں حصہ لیا۔ ریلوے سٹیشن سے پیپلز لیبر بیورو پنجاب اور پاکستان ریلوے ورکرز یونین نے ایک ریلی نکالی اور بعد میں اس ریلی میں مسلم لیگ نون لیبر ونگ نے بھی شرکت کی اور پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچ کر تقاریر کی گیئں۔ مزدوروں نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شکاگو کے شہداء کو سرخ سلام، حکومت آئی ایل او کنونشن 177 کی توثیق کرے جیسی عبارتیں درج تھیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت اشرف سوہنا نے مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو خوشحال کرنا اس حکومت کی پہلی ترجیح ہے کیونکہ مزدور معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہے اور محنت کش صحت مند ہوگا تو معیشت صحت مند ہوگی۔ پاکستان ریلوے لیبر ونگ کے نائب صدر محمد فرید اعوان نے بی بی سی سے بات کرتےہوئے کہا کہ مزدور کا چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے اور معزول ججوں کی بحالی سے زیادہ ضروری آٹا، گھی اور چینی ہے۔ ان کے بقول حکومت نے مزدوروں کی تنخواہوں کے حوالے سے جتنے بھی اعلانات کیے ہیں وہ زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ محنت کشوں کی تنخواہ ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر ہونی چاہیے۔
اس علاوہ نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان، آل پاکستان پیکو ورکرز یونین، ویمن ورکرز ہیلپ لائن اور پاکستان ورکرز کانفیڈریشن کے زیر اہتمام بھی محنت کش ایک مشرکہ ریلی کی صورت میں مال روڈ پر جی پی او چوک میں اکٹھے ہوئے مزروروں کے حقوق کے حوالے سے تقاریر کیں۔ اسلام آباد میں پاکستان بھٹہ مزدور اور لیبر بارٹی پاکستان آبپارہ سے پریس کلب تک ایک مشرکہ مزدور حقوق ریلی نکالی۔ لیبر پارٹی پاکستان کی جنرل سیکرٹری نثار شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ریلی کا مقصد پاکستان کے محنت کش طبقے کو منظم کرنا ہے تاکہ وہ ملک کے آئینی اور معاشی بحران میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کراچی میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مزدور طبقے میں زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔پاکستان ریلوے ورکرز لیبر یونین، متحدہ لیبر فیڈریشن، بینکنگ انڈسٹری یونین، پیپلز لیبر بیورو اور لیبر پارٹی پاکستان کے علاوہ دیگر مزدور تنظیموں کی جانب سے ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔ ریلی کے شرکاء نےہاتھوں میں سرخ پرچم اور کارل مارکس، چی گویرہ اور نظیر عباسی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اس کے علاوہ مزدوروں نے ’بھوکے رہ گئے میں اور تو، لٹ کے لے گیا جی ایچ کیو‘ اور ’گھی مہنگا ہائے ہائے اور پیٹرول مہنگا ہائے ہائے‘ کی نعرے بھی لگائے۔
صوبہ سرحد کے شہر پشاور میں پیپلز لیبر یونین، رکشا ایکشن کمیٹی اور ییلو کیب ایکشن کمیٹی نے مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف مظاہرے کئے اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر کھیل و ثقافت سید عاقل شاہ نے کہا کہ اُنہوں نے تین صوبائی وزراء اور دو مزدور نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے جو مزدوروں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لے گی۔ کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن سے پاکستان لیبر فیڈریشن، بلوچستان لیبر فیڈریشن اور دیگر مزدور تنظیموں نے ایک ریلی نکالی اور میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں ایک جلسہ کیا۔ مزدور رہنما خیر محمد فورمین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش کی حالت روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے اور جس لحاظ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اس حساب سے اجرت میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی مختلف محنت کش تنظیموں، طلبہ اور سیاسی جماعتوں نے جلسے منعقد کیے اور جلوس نکالے جو بعد ازاں زلزلہ زدہ علاقوں میں ہونے والے تعمیر نو کے عمل میں رکاوٹوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں تبدیل ہوگئے۔ مجموعی طور پر پاکستان بھر کی مزدور تنظیموں نے حکومت پر مہنگائی اور بے روز گاری کے حوالے سے کڑی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ محنت کشوں کے حقوق کو اولین ترجیح دی جائے کیونکہ مزدور واحد طبقہ ہے جو ملک کی معیشت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||