’خودکشی بینک کے رویے کے باعث‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قرض کی عدم ادائیگی پر کراچی کے ایک شہری کی خودکشی کی فوری وجہ نجی بینک کے ریکوری عملے کا رویہ تھی۔ ’ یہ بات قرض کی عدم ادائیگی پر ایک نجی بنک کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر کراچی کے ایک شہری کی جانب سے خودکشی کرنے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کی گئی ہے جو منگل کے روز سینیٹ میں پیش کی گئی۔ سندھ کے پولیس سربراہ کی جانب سے پیش کی گئی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طفیل شاہ نے خودکشی، بنک کے ریکوری عملے کے رویے سے خوفزدہ ہو کر کی۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا کو ارسال کردہ اس رپورٹ میں سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر شعیب سڈل نے بتایا ہے کہ انکے نامزد کردہ ایک سینیئر پولیس افسر نے متوفی طفیل شاہ کے گھر کا دورہ کیا اور اسکی والدہ، بہن اور بھائی سے واقعہ کی تفصیل معلوم کی۔ پولیس افسر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ متعلقہ لوگوں سے انٹرویوز کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ طفیل شاہ مالی حالات کی وجہ سے خاصے دباؤ کا شکار تھا لیکن اسکی خودکشی کی فوری وجہ بنک کی ریکوری ٹیم کے کارندوں کا رویہ ہے۔ سینیٹ میں قائد ایوان رضا ربانی نے اس رپورٹ کو ایوان کی کارروائی کا حصہ بناتے ہوئے کہا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق بینک کی ٹیم نے متاثرہ خاندان کی خواتین کے ساتھ نازیبا رویہ رکھا اور انہیں ہراساں کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دو ملزمان میں سے ایک کی شناخت ہو چکی ہے جو پولیس کی تحویل میں ہے جبکہ دوسرے کی شناخت کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔ سندھ پولیس سربراہ کے مطابق طفیل شاہ کے ورثا کو نامعلوم افراد کی جانب سے اب بھی ہراساں کیا جا رہا ہے اور انکے تحفظ کے لیے ان کے گھر پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ لیکن خوف کی وجہ سے یہ لوگ ان مبینہ بینک ملازمین کے خلاف پولیس رپورٹ درج کروانے سے گریز کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر شعیب سڈل نے یہ تحقیقی رپورٹ سینیٹ کی ہدایت پر تیار کی ہے۔ سینیٹ میں اس مسئلے پر سوموار کے روز تفصیلی بحث ہوئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ طفیل شاہ نے ایک نجی بینک سے چند ہزار روپے قرض لیے تھے اور عدم ادائیگی کی بنا پر بنک کی ریکوری ٹیم نے ان کے گھر میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی تھی جس پر دلبرداشتہ ہو کر طفیل شاہ نے خود کو آگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ | اسی بارے میں تیل پھر مہنگا کرنا پڑے گا:وزیر خزانہ26 April, 2008 | پاکستان اربوں روپے کی مالی بےقاعدگیاں11 April, 2008 | پاکستان سرحد معیشت: تصویر کا دوسرا رُخ07 September, 2007 | پاکستان منافع بخش کاروبار یا مجبوری؟21 June, 2007 | پاکستان مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے08 June, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||