آبدیدہ بلاول اور جوشیلے جیالے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے اعلان کے بعد ایوان میں ’زندہ ہے، بینظیر زندہ ہے‘ کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اپنے آنسو نہ روک پائے۔ جب کیمرے کا رخ ان کی طرف ہوا تو سیاہ لباس میں ملبوس بلاول اپنے آنسو پونچھتے ہوئے ہلکے سے مسکرا دیے اور پھر ملنے کے لیے آنے والوں سے مصافحہ کرتے رہے۔ وزیراعظم کے انتخاب کی تقریب میں آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف شریک نہیں ہوئے۔ ایوان کی تمام گیلریاں کھچا کھچ بھری رہیں اور کہیں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی۔ گیارہ سال تک اقتدار سے باہر رہنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کی چال ڈھال میں واضح فرق نظر آیا اور ان پر فتح کا ایسا جنون چھایا نظر آیا کہ انہوں نے پارلیمانی روایات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایوان کے اندر کی گیلریوں میں کھڑے ہوکر جئے بھٹو کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ سپیکر قومی اسمبلی انہیں روکتی رہیں لیکن جیالوں نے ان کی ایک نہ سنی۔تالیوں، نعروں اور ڈیسک بجنے کی ایک ساتھ اٹھنے والی آوازوں کی اقتداری موسیقی سے بلاول بھٹو بھی محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔ جب نو منتخب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ججوں پر فوری پابندیاں ہٹانے کا حکم جاری کیا تو ایوان میں ادھم سا مچ گیا اورگیلریوں میں بیٹھے بیشتر لوگ اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ’گو مشرف گو‘ کے نعرے لگانے لگے۔ ایوان کے اندر پیپلز پارٹی والوں کی خوشی کی تو کوئی حد نہ تھی لیکن مسلم لیگ (ق) والوں کے دلوں کی دھڑکن کا اندازہ لگانا بظاہر مشکل بھی نہ تھا۔پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم نے ایوان میں تقریر کے دوران جب اپنے ’رقیب‘ یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی تو اس وقت ان کے چہرے پر معنی خیز مسکراہٹ بھی نظر آئی۔ یاد رہے کہ اپنی اس تقریر سے محض دو گھنٹے قبل پارلیمان کی لابی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہا تھا کہ انہیں وزیراعظم کا عہدہ نہ ملنے کا کوئی رنج نہیں کیونکہ انہوں نے اپنی جماعت اور سیاست سے عشق کیا ہے اور عشق کی آخرت خراب ہوتی ہے۔ | اسی بارے میں بلاول کی نوڈیرو میں تعارفی ملاقاتیں20 March, 2008 | پاکستان گرفتار ججوں کی رہائی ’حکم‘24 March, 2008 | پاکستان ’یہ لمحہ تاریخی ہے،خیرات میں نہیں ملا‘24 March, 2008 | پاکستان امین فہیم اے آرڈی صدارت سےمستعفی24 March, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||