BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 29 February, 2008, 12:24 GMT 17:24 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
نگرانوں کےدور میں اہم تعیناتیاں

محمد میاں سومرو
نگران وزیر اعظم نے سینیٹ چئرمین کی مراعات میں اضافہ کیا
پاکستان کی نگران حکومت نے تین ماہ کے اندر پچاس سے زائد اہم ترین عہدوں پر مبینہ طور پر اپنے پسندیدہ افراد کو بھرتی کیا ہے اور کچھ ریٹائر ہونے والے اعلی بیوروکریٹس کی ملازمت میں توسیع بھی دے دی ہے۔

اب جیسے جیسے نگران حکومت کے خاتمے کے دن قریب آرہے ہیں تو اس طرح کی بھرتیوں میں بھی بظاہر تیزی نظر آرہی ہے۔

حزب مخالف کا موقف ہے کہ جب نئی حکومت آنے والی ہے ایسے موقع پر نگران حکومت کی جانب سے متعدد افراد کی بھرتیوں، کئی افسران کو ترقیاں اور ریٹائرمنٹ کے قریب سینئر بیوروکریٹس کو ملازمت میں توسیع دینے کا قانونی اور اخلاقی طور پر کوئی جواز نہیں۔

لیکن وزیر اطلاعات نثار میمن نے حزب مخالف کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تمام بھرتیاں اور دیگر احکامات قواعد کے مطابق جاری کیے ہیں۔

اٹھارہ فروری کےعام انتخابات کے بعد اہم عہدوں پر کی گئی تقرریوں میں بلوچستان کے گورنر ذوالفقار مگسی، پانچ کے قریب ڈپٹی اٹارنی جنرل، وزارت دفاع کے سیکرٹری کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے والے کامران رسول کو پی آئی اے کا نیا چیئرمین، اسلم خان کو اسی ادارے کا مینجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنا اور مواصلات کے سیکرٹری ساجد چٹھہ کی ملازمت میں توسیع دینا بھی شامل ہے۔

ملازمت میں توسیع حاصل کرنے والوں میں وزارت خارجہ، کابینہ، اسٹیبلشمنٹ اور بعض دیگر وزارتوں اور ڈویژنوں کے سیکرٹری بھی شامل ہیں۔جبکہ نگران حکومت کی جانب سے دیگر اہم تقرریوں میں نگران وفاقی وزیر قانون افضل حیدر کو شریعت کورٹ کا جج لگانا اور ایک نجی ٹی وی کے میزبان مبشر لقمان جو پنجاب میں صوبائی وزیر بھی ہیں انہیں بھاری مراعات پر وزارت اطلاعات میں بطور مشیر تعینات کرنا بھی شامل ہے۔

سینیٹ چیئرمین کی مراعات
 سینیٹ چیئرمین محمد میاں سومرو نے بطور نگران وزیراعظم چیئرمین سینیٹ کو ملنے والی تاحیات پینشن کے علاوہ دس مزید مراعات دینے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

اپوزیشن کے مطابق نگران حکومت نے قواعد کے خلاف جہاں میڈیا کو ریگولیٹ کرنے والے ادارے پیمرا کے چیئرمین کے طور پر مشتاق ملک کو مقرر کیا ہے وہاں متعلقہ شعبے کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود نگران وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری خالد سعید کو بجلی کی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے والے ادارے نیپرا کا چیئرمین بھی لگایا گیا ہے۔

نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو نے جہاں مبینہ طور پر من پسند افراد کو اہم عہدوں پر تعیناتی کے احکامات جاری کیے ہیں وہاں ریٹائرڈ چیئرمین سینیٹ کو ملنے والی تاحیات پینشن کے علاوہ دس مزید مراعات دینے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔میاں محمد سومرو خود سینیٹ چیئرمین ہیں۔


شریعت کورٹ کا جج نامزد ہونے والے نگران وزیر قانون افضل حیدر سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنی بھرتی کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ جیسے ہی وزارت سے فارغ ہوں گے تو بطور جج حلف اٹھائیں گے۔

افضل حیدر نے کہا:’دیکھیےجو کام منتخب حکومت کرسکتی ہے وہی نگران حکومت بھی کرسکتی ہے۔ میں نے خود کو جج نہیں بنوایا بلکہ صدر پرویز مشرف نے مجھے جج بنایا ہے۔‘

گزشتہ برس تین نومبر کو ساٹھ کے قریب ججوں کو صدر پرویز مشرف کی جانب سےہٹائےجانے کے بعد نئے بھرتی کردہ ججوں کا معاملہ متنازعہ ہے اور اس کے خلاف ملک بھر میں وکلاء کی تحریک بھی جاری ہے۔

لیکن ایسے میں قلیل المدت حکومت کی جانب سے نگران وزیر قانون سمیت چالیس کے قریب ججوں کی بھرتی کا معاملہ نئی حکومت کے مسائل کی فہرست میں بظاہر ایک اہم اضافہ ہوگا۔

خود کو جج مقرر نہیں کیا
 دیکھیےجو کام منتخب حکومت کرسکتی ہے وہی نگران حکومت بھی کرسکتی ہے۔میں نے خود کو جج نہیں بنوایا بلکہ صدر پرویز مشرف نے مجھے جج بنایا ہے۔
نگران وزیر قانون افضل حیدر

ملازمت میں توسیع کے بارے میں جو قوانین ہیں ان کے مطابق ایسا صرف اس صورت میں ہوسکتا ہے جب کسی عہدے سے ریٹائر ہونے والے افسر جیسی مہارت رکھنے والا نعم البدل موجود نہ ہو۔

واضح رہے کہ ان معاملات کے بارے میں پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ میں گزشتہ روز قائد حب مخالف میاں رضا ربانی، سعدیہ عباسی اور دیگر نے سخت احتجاج کرتے ہوئے نگران حکومت پر من پسند افراد کو نوازنے کا الزام لگایا اور ان کے اس طرح کے تمام اقدامات کو غیر قانونی بھی قرار دیا تھا۔

اسی بارے میں
’نگران حکومت کا حلف غداری‘
16 November, 2007 | پاکستان
’تبادلے فوری منسوخ کریں‘
12 January, 2008 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد