پاکستانی سفیر: پیش رفت نہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے افغانستان میں سفیر طارق عزیزالدین تقریباً چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان محمد صادق نے بی بی سی کو بتایا کہ طارق عزیزالدین ابھی تک لاپتہ ہیں اور ان کی بازیابی میں خاص پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ دوسری طرف مقامی انتظامیہ نے ان کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر طارق عزیزالدین پیر کی صبح افغانستان جاتے ہوئے قبائلی علاقہ خیبر ایجنسی میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ پیر والے دن طارق عزیزالدین کو بمعہ محافظ اور ڈرائیور کے پشاور سے تیس کلومیٹر دور خیبر ایجنسی میں جمرود تحصیل میں واقع علی مسجد کے قریب دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا ’طورخم بارڈر پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور اس کے علاوہ جمرود اور لنڈی کوتل کی تمام چیک پوسٹوں پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ان جگہوں پر لیویز اور خاصہ دار فورس مزید تعینات کی گئی ہے اور بہت سخت تلاشی جاری ہے۔‘
واضح رہے کہ خیبر ایجنسی پشاور کی سرحد پر واقع ہے اس لیے یہاں پر اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کافی عام ہیں۔ لیکن یہ پہلا واقع ہے کہ ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار کو اس علاقے سے اغوا کیا گیا ہے۔ پیر کو وزارت خارجہ کے ترجمان محمد صادق نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ نے انہیں اطلاع دی ہے کہ طارق عزیزالدین پیر کی صبح پشاور سے افغانستان کے لیے روانہ ہوگئے تھے جس کے بعد ان سے کوئی بھی رابطہ نہیں ہورہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی سفیر کو پاک افغان سرحد پر گاڑیاں بدلنی تھیں مگر وہ اس مقام پر پہنچے ہی نہیں۔ کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ان کا مسٹر عزیزالدین سے رابطہ مقامی وقت کے مطابق صبح پونے گیارہ بجے منقطع ہو گیا۔ طارق عزیزالدین کو تیرہ دسمبر دو ہزار پانچ کو کابل میں رستم شاہ مہمند کی جگہ پر پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ افغانستان سے متصل قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں گزشتہ ہفتے بھی عالمی امدادی ادارے ریڈ کراس کے دو اہلکار افغانستان جاتے ہوئے راستے میں لاپتہ ہوگئے تھے جنہیں تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔ | اسی بارے میں ریڈ کراس انٹرنیشل کے دو اہلکار لاپتہ03 February, 2008 | پاکستان شدت پسندوں کے بدلتے طریقۂ کار06 February, 2008 | پاکستان ’امریکیوں پر حملے جاری رہیں گے‘10 February, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||