مہمند ایجنسی میں دو ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں مقامی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک اور جھڑپ میں ایک بچہ اور ایک مسلح شخص ہلاک جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مہمند ایجنسی سے ملنے والی اطلاعات میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کی صبح صدرمقام غلنئی سے تقریباً اٹھارہ کلومیٹر دور خاپک چیک پوسٹ پر اس وقت پیش آیا جب ملیشاء فورسز نے چیک پوسٹ پر ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا۔ گاڑی میں تین افراد سوار تھے جس میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی روکتے ہی اس سے ایک بچہ نکل آیا جس کے ہاتھ میں دستی بم تھا جس کے پھٹنے سے بچہ وہاں موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھاگنے کی کوشش میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں مارا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملیشاء فورسز نے ایک مشکوک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔ بعض سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک اور گرفتار ہونے والے تمام افراد عسکریت پسند تھے جو سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنا چاہتے تھے تاہم مقامی طورپر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ مہمند ایجنسی میں پیر کو بھی سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر حملے میں فرنٹیر کور کے سات اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ جوابی حملے میں تئیس عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ تحریک طالبان پاکستان نے گزشتہ روز کے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس میں سترہ سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنانے کا دعوی کیا تھا۔ ادھر یہ بھی اطلاعات ہیں کہ مہمند ایجنسی میں جاری کشیدگی میں اضافے کے باعث کئی لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں قندہارو کے علاقے سے کئی خاندانوں نے پشاور اور دیگر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کی ہے۔ قندہارو مہمند ایجنسی میں مبینہ عسکریت پسندوں کا گڑہ تصور کیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کئی مقامات سے طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی تھی جس میں عام شہریوں کے گھر بھی نشانہ بنے تھے۔ واضح رہے کہ وزیرستان اور باجوڑ کے بعد اب مہمند ایجنسی میں کشیدگی بڑہتی جارہی ہے۔علاقے میں گزشتہ کچھ ماہ کے دوران امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب رہی ہے جبکہ ایجنسی میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافے کی اطلاعات ہیں۔ | اسی بارے میں سوات آپریشن میں 41 گرفتار12 January, 2008 | پاکستان مہمند ایجنسی جھڑپ، سات ہلاک14 January, 2008 | پاکستان ’دہشتگردی میں انیس فیصد اضافہ‘14 January, 2008 | پاکستان ہنگامے: معاشی، معاشرتی مسائل کا حل لازمی ہے07 January, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||