سوات: خود کش حملہ، 9 افراد ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں ایک مبینہ خود کش حملے میں ایک فوجی اہلکار اور ایک خاتون سمیت نو افراد ہلاک اور اکیس زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں تیرہ فوجی جوان بتائے جاتے ہیں۔ سوات میں عسکریت پسندوں کے رہنما مولانا فضل اللہ کے ترجمان سراج الدین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ ابتدائی طور پر اس حملے میں چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع تھی لیکن رات گئے مقامی صحافی شیرین زادہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیدو شریف ہسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مزید دو زخمی دم توڑ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملے کے بعد جائے وقوعہ پر سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے بھی ایک خاتون ہلاک ہوئی ہے۔ یوں اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد نو ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والی خاتون کی لاش ابھی تک مقامی افراد کے پاس ہے اور ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت کے کرفیو کے باعث لاش اٹھانے کے لیے ایمبولیس بھجوانا ممکن نہیں اور وہ یہ کام صبح کریں گے۔ مقامی لوگوں کے مطابق حملہ نوئی کلی کے علاقے میں کنڑہ بابا سڑک پر اس وقت کیا گیا جب وہاں پر کافی بھیڑ تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سارے علاقے کو بند کر دیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ اس سے قبل پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشدنے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتوار کی شام ایک فوجی قافلہ معمول کی گشت پر تھا کہ مینگورہ شہر کے قریب گاڑی میں سوار ایک مبینہ خودکش حملہ آور نے قافلے کو نشانہ بنایا۔ ترجمان کے ہلاک ہونے والوں میں ایک فوجی اہلکار کے علاوہ پانچ عام شہری ہیں جبکہ زخمیوں میں تیرہ فوجی جوان اور دس عام شہری شامل ہیں۔ ادھر سوات میں عسکریت پسندوں نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید الضحیٰ کی وجہ سے وہ حملے نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن ان کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں میں سکیورٹی فورسز نے سوات میں ان کے کئی ساتھیوں کے گھروں اور مدرسوں کو بم دھماکوں میں اڑایا ہے جس کی وجہ سے وہ مجبور ہوئے اور اتوار کو سکیورٹی فورسز پر تین مقامات پر حملے کیے گئے ہیں۔ سوات میں عسکریت پسندوں کی بظاہر روپوشی کے بعد سکیورٹی فورسز پر یہ دوسرا خودکش حملہ تھا۔ | اسی بارے میں سوات میں پُل دھماکے سے تباہ21 December, 2007 | پاکستان سوات گولہ باری، ہلاکتوں کا دعوٰی10 December, 2007 | پاکستان سوات: خودکش حملہ نو ہلاک09 December, 2007 | پاکستان سوات: لوگوں میں عدم تحفظ برقرار08 December, 2007 | پاکستان سوات سے خودکش بمبار روانہ: رپورٹ08 December, 2007 | پاکستان طالبان حکمتِ عملی تبدیل،مٹہ فوج کے پاس05 December, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||