عبادالحق بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | جسٹس خواجہ محمد شریف کی رہائشگاہ کے باہر ایک شخص پھول پھینک رہا ہے |
پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے لاہور ہائی کورٹ کے معزول ججوں کو ان کی رہائش گاہوں پر نظربند کردیا گیا ہے اور ان کے گھروں کے باہر پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے دس ججوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا تھا۔ سینچر کی صبح کولاہور ہائی کورٹ کے معزول ججوں کی رہائش گاہوں کے باہر پولیس تعینات کردی گئی اور ان کو ان کی نظربندی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے معزول جج جسٹس خواجہ شریف، جسٹس آصف سعیدکھوسہ، جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس ثائر علی اور جسٹس شیخ عظمت سعید نے بی بی سی بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدق کی ہے کہ ان کو دوبارہ نظربند کردیا گیا ہے اور وہ ا پنے گھروں سے باہر نہیں جاسکتے ہیں۔ معزول ججوں کے بقول ان کو یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی نظربندی کیوں عمل میں لائی گئی ہے۔ جسٹس خواجہ شریف نے بتایا کہ پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے تمام ججوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ نظربند کردیا گیا ہے۔ ان کے بقول یہ ممکن ہے کہ ان کی نظربندی لاہور میں ہونے والے وکلاء کنونشن کی وجہ سے عمل میں لائی گئی ہو ۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو یہ خدشہ ہوسکتا ہے کہ پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے جج پنجاب بارکونسل کے زیر اہتمام سینچر کو ہونے والے وکلاء کنونشن میں شرکت کریں گے۔ |