پولیس چوکی پر حملہ، ایک ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے ضلع چارسدہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جبکہ ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ چارسدہ پولیس کے تھانہ مندنی کے ہری چند علاقے میں پیش آیا۔ تھانے کے محرر کے مطابق نامعلوم افراد نے رات ایک بج کر چالیس منٹ پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے۔ ہلاک ہونے والے سپاہی کا نام گُل زمین بتایا جاتا ہے جبکہ زخمی ہونے والے سپاہیوں میں عزیز، زیار اور مطاہر شاہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور ہلاک ہوا جس کی لاش پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، چارسدہ، پہنچا دی ہے۔ مندنی پولیس سٹیشن میں ’نامعلوم دہشت گردوں‘ کے خلاف پرچہ درج کیا گیا ہے۔ ضلع پشاور سے چارسدہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کی اس واردات سے چند ہفتے قبل بھی نیم شہری آبادی کے حامل شبقدر کے علاقے میں گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے بازار کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سے وہاں کافی اضطراب پایا جاتا ہے ۔ مبصرین کے مطابق چارسدہ سے متصل قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں مقامی طالبان کے اثر رسوخ میں گزشتہ چند مہینوں میں کافی اضافہ ہوا ہے اور اُن کی کارروائیوں کا دائرہ کار مہند ایجنسی سے متصل باجوڑ ایجنسی اور صوبہ سرحد کے علاقے چارسدہ میں بڑھا ہے ۔ مہمند ایجنسی کے مقامی طالبان نے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ناواگئی کی سول کالونی سے چند ہفتے قبل دن دہاڑے ایک تحصیلدار اور لیویز کے تین اہلکاروں کو اغوا کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ یہ لوگ ابھی تک بازیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ |
اسی بارے میں پاکستان میں خودکش حملوں کی تاریخ09 November, 2007 | پاکستان تینوں افسروں کے انٹرویو کا متن11 October, 2007 | پاکستان مہمند ایجنسی، سکول بدستور بند25 October, 2007 | پاکستان سرحد، پنجاب میں مظاہرے،گرفتاریاں16 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||