تحریکِ انصاف کا الیکشن بائیکاٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت پارٹی کے تمام امیدواروں نے احتجاجی طور پر اپنے کاغذات نامزدگی پھاڑتے ہوئے قومی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے جس وقت ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاجی طور پر اپنے کاغذات نامزدگی پھاڑے عین اس وقت سابق وزیر اعظم نواز شریف ریٹرننگ افسر کے سامنے کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے تھے۔ سوموار امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے اور رات بارہ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر چیمہ نے بی بی سی کو بتایا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں جبکہ دیگر امیدواروں نے اپنے اپنے شہر میں متعلقہ ریٹرننگ افسر کے سامنے کاغذات نامزدگی پھاڑے۔ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابی حلقوں کے لیے تین درجن امیدواروں نے عمر چیمہ کی قیادت میں ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی پھاڑتے ہوئے قومی انتخابات کے بائیکاٹ کیا۔ لاہور میں کاغذات نامزدگی پھاڑنے والوں میں ڈاکٹر شاہد ، سلومی بخاری، جاوید اقبال ، احسن رشید اور شبیر سیال نمایاں تھے۔ عمر چیمہ کے بقول ملک میں ایمرجنسی کی موجودگی اور عدلیہ کو تین نومبر سے پہلے والی صورت حال میں بحال کیے بغیر ملک میں آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں سابق وزیر اعلیْ پنجاب پرویز الہیْ کے صاحبزادے مونس الہیْ کے حامیوں اور حکومت مخالف وکلا کے درمیان ایوان عدل میں چھڑپ ہوئی اور طرفین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔ مونس الہیْ اپنے حامیوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ایوان عدل آئے اور کاغذات جمع کرانے کے لیے اپنے وکلا کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے پاس چلے گئے جبکہ ان کے حامی اور کارکنوں نے ان کے عدم موجودگی میں صدر پرویز مشرف اور پرویز الہیْ کے حق میں نعرہ بازی شروع کر دی جس پر وہاں وکلا جمع ہوگئے اور وکلا نے حکومت مخالف نعرے لگائے۔ مونس الہیْ کے حامیوں اور وکلا کی جوابی نعرہ بازی سے صورت حال بد مزگی کا شکارہ ہوگئی اور طرفین نے ایک دوسرےپر پتھراؤ کیا۔ اسی دوران مونس الہیْ کی واپسی اور پولیس کے مداخلت کی وجہ سے صورت حال پر قابو پالیا گیا۔ دریں اثناء کاغذات نامز دگی جمع کرانے کے آخری روز بڑی تعداد میں سیاست دانوں نے کاغذات جمع کرائے۔ سوموار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں مسلم لیگ نواز کے مخدوم جاوید ہاشمی، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر ، متحدہ مجلس عمل کے لیاقت بلوچ اور پاکستان بار کونسل کے رکن رمضان چودھری ایڈووکیٹ نے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرائے جبکہ پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف قاسم ضیاء اور سابق وزیر اعلیْ پنجاب چودھری پرویز الہیْ کے صاحبزادے مونس الہیْ نے لاہور کے صوبائی انتخابی حلقوں سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||