بینظیر بھٹو اسلام آباد پہنچ گئیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پیپلز پارٹی کی چیرپرسن بےنظیر بھٹو جمعے کی صبح اسلام آباد پہنچ کر پارٹی اجلاسوں میں شرکت کر رہیں ہیں جن میں ٹکٹوں کی تقسیم اور انتظامی امور پر صلاح مشوے کیے جا رہے ہیں۔ بےنظیر بھٹو آج صبح پی آئی اے کی ایک پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں۔ ان کے ہمراہ ان کی ساتھی ناہید خان اور رحمان ملک بھی تھے۔ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے مختصر سی گفتگو میں بےنظیر بھٹو نے عام انتخابات کے لیئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انتخابی بائیکاٹ کی بابت حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں سے مشورے بھی جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بےنظیر آمد کے فورا بعد پارٹی کے مختلف اجلاسوں کی صدارت کر رہی ہیں جن میں ٹکٹوں کی تقسیم اور دیگر انتظامی امور پر غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان اجلاسوں کے بعد کوئی میڈیا بریفنگ متوقع نہیں۔ خیال ہے کہ اسلام آباد میں قیام کے دوران بےنظیر بھٹو عام انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں جماعت کے اندر اور باہر دیگر جماعتوں سے مشورے بھی جاری رکھیں گی۔ توقع ہے کہ وہ کل اسلام آباد میں حزب اختلاف کے اتحاد آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس یعنی اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گی۔ امکان ہے کہ اجلاس میں اتحاد انتخابات سے متعلق کسی متفقہ فیصلے پر پہنچ پائے گی۔ تاہم اتحاد کی بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کے اشاروں سے اتحاد کو دھچکا لگا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اب کسی بائیکاٹ کا امکان تقریبا ختم ہوگیا ہے۔ ادھر حزب اختلاف کی ایک اور بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی کے اعلان کی بھی آج یا کل توقع کی جا رہی ہے۔ اس اعلان کے بعد اسلام آباد کی سیاسی فضاء میں ہلچل مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ | اسی بارے میں بائیکاٹ: دھمکی بھی، شرکت بھی 22 November, 2007 | پاکستان بینظیر، نواز نامزدگی کی تیاری22 November, 2007 | پاکستان مشرف کسی صورت قبول نہیں: بینظیر18 November, 2007 | پاکستان انتخابات:شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں20 November, 2007 | پاکستان ’امیدوار کاغذات جمع کرائیں‘22 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||