BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 16 November, 2007, 02:22 GMT 07:22 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
سندر بن اور بنگال کا جادو


بنگال کے جادو کا ہمیشہ سے سنتے آئے تھے، یہ ہے کیا معلوم نہ تھا۔ لیکن جب دنیا کے سب سے بڑے دریائی جنگل سندربن میں داخل ہوئے تو آبی گزرگاہوں کے دونوں کناروں پر تاحد نظر درختوں کی قطاریں، پرندوں کی آوازیں، پانی پیتے ہرنوں کے غول اور سانس لینے کے لیے سطح آب پر کبھی کبھی نمودار ہوتی ڈولفن نے فطرت کے ایسے طلسم میں مبتلا کر دیا کہ بنگال کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔

سندربن تقریباً دس ہزار مربع کلومیٹر پر محیط مینگروو ہے، جس کا ساٹھ فیصد حصہ بنگلہ دیش اور چالیس فیصد بھارت میں آتا ہے۔ مینگروو ایسے قدرتی جنگل کو کہتے ہیں جو ان علاقوں میں پایا جاتا ہے جہاں دریاؤں کا تازہ پانی سمندر میں داخل ہوتا ہے۔

رائل بنگال ٹائیگر، مگرمچھ، ہرن، بندر اور انواع و اقسام کے پرندے سندربن کے باسی ہیں۔ درختوں اور پودوں کی کئی ایسی اقسام پائی جاتی ہیں جو صرف سندربن میں ملتی ہیں۔ سندربن کے درختوں کی نمایاں خصوصیت ان کی وہ جڑیں ہیں جو نمکیات خارج کرنے اور سانس لینے کے لیے سطح زمین سے سر نکالے نظر آتی ہیں۔

سندر بن کی چمگادڑیں

سندربن کی مسحور کردینے والی خوبصورتی دنیا بھر سے ہر سال ہزاروں سیاحوں کو کھینچ لاتی ہیں۔ سندربن میں ایک دن گزارنے کی سرکاری فیس کسی غیر ملکی سیاح کے لیے ساڑھے سات سو ٹکہ (بنگلہ دیشی روپیہ) جبکہ مقامی سیاح کے لیے پچاس ٹکہ ہے۔ بنگلہ دیشی محکمہ سیاحت کا ایک نعرہ ہے ’غیر ملکی سیاحوں سے پہلے اپنا ملک دیکھ لو’۔

ایک ٹور گائیڈ طارق مرشد کا کہنا تھا کہ اگرچہ سندربن پر سیاحوں کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے لیکن یہ اتنا بڑا جنگل ہے کہ اسے اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ سندربن کے کسی ایک ہی علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کی بجائے اگر اسے مختلف علاقوں میں پھپلا دیا جائے تو قدرتی ماحول میں کم خلل پڑے گا۔

سندر بن کے جنگلوں میں ڈولفن

بنگلہ دیش کے معروف ماحولیاتی سائنسدان اور اقوام متحدہ کے انٹرگورنمنٹل پینل ان کلائمنٹ چینج کے رکن ڈاکٹر عتیق الرحمان کے مطابق نباتات اور حیوانات کی تعداد اور تنوع کے لحاظ سے سندربن کی فی کلومیٹر قدرتی خوبصورتی پورے شمالی امریکہ بشمول کینیڈا سے زیادہ ہے۔

ڈاکٹرعتیق کا کہنا تھا کہ عالمی حدت اور اس کے نتیجے میں ہونیوالی ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سندربن کے وجود کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ پہاڑوں پر برف کے پگھلاؤ میں غیر معمولی تیزی، سطح سمندرمیں اضافہ اور تازہ اور نمکین پانی میں بڑھتا ہوا عدم توازن ایسے عوامل ہیں جو اس خوبصورت قدرتی جنگل کے وجود کے درپے ہیں۔

سندر بن کے مردہ درخت

ان کا کہنا تھا کہ گلیشئرز کے تیز رفتار پگھلاؤ سے وقتی طور پر تو سمندروں کی طرف آنے والے تازہ پانی کی مقدار میں اضافہ ہوگا لیکن جلد ہی اس میں کمی واقع ہونا شروع ہوجائے گی اور پھر اس مقدار میں تازہ پانی نمکین پانی سے نہیں ملے گا جتنا کہ ہر سال ضروری ہوتا ہے۔ ’ماحول میں تبدیلیاں اس رفتار سے زیادہ تیزی کے ساتھ رونما ہو رہی ہیں جس رفتار سے ایکو سسٹم کا توازن بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔’

سندربن میں گھومتے ہوئے بعض جگہوں پر درختوں کے جھنڈ کے جھنڈ سوکھ کر گرے ہوئے دیکھے۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے ڈاکٹر عتیق نے کہا کہ سائیکلون یا سمندر طوفان اپنے ساتھ ریت لاتے ہیں اور سانس لیتی جڑیں اس کے نیچے دب جاتی ہیں، جس سے درختوں کو آکسیجن نہیں ملتی، نمکیات میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ سوکھ کر گرنا شروع ہوجاتے ہیں۔

سندر بن جنگلی حیات سے بھرے ہوئے ہیں

ڈاکٹر عتیق کے مطابق صنعتی ترقی سے پہلے ہی سطح سمندر میں بیس سے تیس سینٹی میٹر اضافہ ہوچکا تھا اور اب اس میں تیس سے پینسٹھ سینٹی میٹر مزید اضافے کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ’اگر ایسا ہوتا ہے تو سندربن ماضی کا حصہ بن جائے گا۔’
جنوبی ایشیا سیلابامداد شدید مشکل
جنوبی ایشیاء میں سیلاب متاثرین کو مشکلات
بنگلہ دیشسیلاب جو نہیں بھولتا
بنگلہ دیش: لوگ قدرتی آفت سے کیسے نمٹتے ہیں
تاریخی موڑ
تقسیم ہند کے بعد تیسرے ملک کی کہانی
اسی بارے میں
سیلاب جو بھولتا نہیں
07 November, 2007 | آس پاس
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد