 | | | صدر مشرف نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے مستحکم سکیورٹی ماحول اشد ضروری ہے |
صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ہنگامی حالت کا نفاذ مؤثر اسلوب حکمرانی کو یقینی بنانے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے جاری کوششوں کو تقویت دینے اور مستحکم سیاسی عمل میں پیشرفت کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔ ہفتہ کے روز راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ایک سو تین ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے صدر جنرل پرویز مشرف جو چیف آف آرمی سٹاف بھی ہیں، نے اس ضمن میں شرکاء کی جانب سے انہیں فراہم کی جانے والی حمایت اور پیش کردہ آراء کو سراہا۔ کانفرنس میں وائس چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، پرنسپل سٹاف افسران اور دیگر سینئر فوجی حکام نے شرکت کی۔ صدر مشرف نے کانفرنس کے شرکاء کو ملک میں ہنگامی حالت کا باعث بننے والی صورتحال اور اس کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی فضا کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر پرویز مشرف نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے مستحکم سکیورٹی ماحول اشد ضروری ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ملک سے انتہاپسند اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صدر نے کہا کہ ہرممکنہ طور پر جلد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق شرکاء کو ملک میں موجودہ سلامتی کی صورتحال بالخصوص سوات اور قبائلی علاقوں کی صورتحال کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ صدر مشرف نے شدت پسندی کے خاتمے میں فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج انتہاپسندی اور دہشت گردی کے انسداد کی قومی مساعی کے سلسلے میں بہت نازک اور اہم ذمے داری انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اشد ضروری ہے کہ ملک کی ترقی اور مستقبل کے لیے ہم کامیابی سے ہمکنار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پاک فوج کے جوانوں کو سونپے جانے والے مشن جسے پوری قوم کی بھرپور حمایت حاصل ہے، کے لیے تمام ضروری وسائل اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ |