جسٹس جاوید اقبال کوئٹہ میں نظربند | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس جاوید اقبال کو کوئٹہ پہنچا دیاگیا ہے جہاں انہیں کوئٹہ کینٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا۔ ملک میں تین نومبر کو ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد جسٹس جاوید اقبال کو اسلام آباد میں نظر بند کردیا گیا تھا۔ ہفتہ کی صبح اسلام آباد سے کوئٹہ پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 363کے ذریعے کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں سے انہیں ایک کالے رنگ کی گاڑی میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ائیر پورٹ سے سیدھا کوئٹہ کینٹ میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ پہنچادیا گیا ۔ کوئٹہ کے ڈی آئی جی آپریشن رحمت اللہ نیازی نے بی بی سی کو بتایا کہ جسٹس جاوید اقبال کو کینٹ میں ان کی رہائش گاہ میں نظربند کردیا گیاہے۔ جسٹس جاوید اقبال کی کوئٹہ آمد کے موقع پرکوئٹہ ائیر پورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ان کی گاڑی کے آگے پیچھے بھی سکیورٹی کی گاڑیاں تھیں۔ جسٹس جاوید اقبال کو کالے رنگ کی گاڑی میں پچھلی سیٹ پر اکیلے بٹھایا گیا فرنٹ سیٹ پر سادہ کپڑوں میں ملبوس سیکورٹی کا ایک اہلکار بیٹھا ہوا تھا۔جسٹس جاوید اقبال کے لئے کالے رنگ کی سرکاری گاڑی پر پاکستان کا جھنڈا بھی لہرا رہا تھا۔اس پر ڈی آئی جی کوئٹہ رحمت اللہ نیازی نے بتایا کہ جسٹس جاوید اقبال ابھی تک سپریم کورٹ کے جج ہیں اور انہیں مکمل پروٹوکول دیا جائے گا ۔ تاہم جب صحافیوں کی ایک ٹیم نے کینٹ میں واقع انکی رہائش گاہ پرجسٹس جاوید اقبال سے ملنے کی کو شش کی توپولیس نے صحافیوں کو ملنے کی اجازت نہیں دی اس موقع پرپولیس کی بھاری نفری کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس خفیہ اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے یاد رہے کہ جسٹس جاوید اقبال سپریم کورٹ کے معزول بینچ کے ان سات ججوں میں سے ہیں جنہوں نے تین نومبر کو ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ سے قبل ہی ایمرجنسی کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کے معزول چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھی کوئٹہ لانے کیلئے سرکاری سطح پر اقدامات ہو رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے گورنر ہاؤس کے سامنے ان کی سابقہ سرکاری رہائش گاہ تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ آزاد ذرائع کے مطابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھی چند دنوں میں کوئٹہ منتقل کردیا جائے گا۔ تاہم حکومتی ذرائع ابھی تک ان اطلاعات کی تردید کر رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||