وزیرستان آپریشن کے خلاف مظاہرے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن اور حالیہ ہلاکتوں کے خلاف متحدہ مجلس عمل کی جانب سے جمعہ کو پاکستان کے تین صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرہ کیے گئے ہیں۔ اس احتجاج کا اعلان متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے کیا تھا مگر ان مظاہروں میں مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام نے شرکت نہیں کی۔ کراچی سے بی بی سی اردو کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق متحدہ مجلس عمل کی جانب سے لسبیلہ چوک پر جمعہ کی نماز کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں صدر مشرف اور امریکہ کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ اس مظاہرے سے ایم ایم کے رہنما منور حسن، معراج الہدیٰ صدیقی، نصراللہ شجیح ، مسلم لیگ نواز کے رہنما سلیم ضیا اور اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ آج امریکہ نے پاکستانی فوج کو عوام کے سامنے کھڑا کردیا ہے اور ایف سولہ طیاروں سے وزیرستان پر بمباری کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف سولہ طیاروں میں امریکیوں کو بٹھاکر اپنے لوگوں پر بمباری کی جا رہی ہے اور ان قبائیلی لوگوں کا ’قصور‘ یہ ہے کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان میں شمولیت اختیار کی تھی۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ مذہبی جماعتیں ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے آئندہ الیکشن لڑیں گی۔ پشاور سے نامہ نگار انتخاب امیر نے بتایا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے یاددگار چوک سے سابق صوبائی وزیر سراج الحق کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ مظاہرین سے سراج الحق، شبیر خان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ امریکی ایما پر ہو رہا ہے، نیٹو کے کمانڈر حالیہ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لاہور سے نامہ نگار علی سلمان نے بتایا ہے کہ پولیس نے مسلم لیگ نواز کی ذیلی تنظیم شہباز شریف سیکریٹریٹ کے ان سولہ کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے جو صدر جنرل پرویز مشرف کے اقتدار کو آٹھ سال پورا ہونے پر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرین بعد میں شمالی وزیرستان میں ہونے والے حالیہ آپریشن کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کا آپریشن امریکی ایما پر کیا جارہا ہے، اس کے بعد امریکہ پاکستان میں اپنی فوجوں کو داخل کرنا چاہتا ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں کہیں سے بھی احتجاج کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||