صحافیوں کا ملک گیر احتجاج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسلام آباد میں گزشتہ روز جنرل مشرف کی طرف سے صدارتی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی پیش کیئے جانے کے موقع پر صحافیوں پر ہونے والے پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹ کی اپیل پر پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں صحافیوں کی مرکزی تنظیم پی ایف یو جے کی اپیل پر ایک بڑا مظاہرہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں کی مقامی تنظیم راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہوا ہے۔ صحافیوں کے اس احتجاج میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں اور متعدد دیگر سماجی تنظیموں نے بھی شرکت کا اعلان کر رکھا ہے۔اطلاعات کے مطابق پی ایف یو جے کی اپیل پر پورے ملک میں صحافی احتجاج کر رہے ہیں اور اسی سلسلے کا ایک مظاہرہ اتوار کی صبح پشاور میں ہوا جہاں صحافیوں نے جلوس نکالا اور گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا۔ پشاور میں بی بی سی کے نمائندے رفعت اللہ اورکزئی کے مطابق صحافیوں کی تنظیم خیبر یونین آف جرنلسٹس (کے ایچ یو جے ) کے زیراہتمام اسلام آباد اور پشاور میں اخبارنویسوں پر مبینہ پولیس تشدد کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا جس میں وکلاء ، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کے ایچ یو جے کے صدر جان افضل اور پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کی قیادت میں منعقد ہونے والا یہ احتجاجی جلوس پشاور پریس کلب سے شروع ہوا اور گورنر ہاؤس کے قریب جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔ احتجاج میں شریک شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ’ گو مشرف گو’ اور دیگر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر صدر جنرل پرویز مشرف اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ روز اسلام اباد میں صحافیوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کی فوری طورپر گرفتار کیا جائے۔ صحافیوں نے اس موقع پر بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جبکہ ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔ پشاور کے علاوہ صوبہ سرحد کے مختلف اضلاع میں بھی صحافیوں کی تنظیموں کی جانب سے اخبارنویسوں پر اسلام اباد میں تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنے منعقد کیے گئے۔ ضلع چارسدہ میں محمد زئی یونین اف جرنلسٹس کے زیراہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ یونین کے صدر حاجی فیض محمد کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مظفرآباد میں بی بی سی کے نمائندے ذوالفقار علی کے مطابق یوم احتجاج کے موقع پر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں بھی صحافیوں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین پاکستان کے صدر جنرل مشرف اور صحافیوں پر تشدد کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔ صحافیوں نے کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر’اسلام آباد میں صحافیوں پر پولیس کی طرف سے تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں‘ اور ’حکمرانو سچ برداشت کرو‘ جیسے نعرے درج تھے۔ | اسی بارے میں ٹی وی چینلوں کی نشریات معطل29 September, 2007 | پاکستان صحافیوں کا احتجاج، وزیر کی پٹائی29 September, 2007 | پاکستان فیصلے پر مایوسی، جدوجہد کا عزم28 September, 2007 | پاکستان پیمرا کی نیوز چینلوں کو تنبیہہ26 September, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||