’نواز جلا وطنی کے خلاف یوم سیاہ‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کل جماعتی جمہوری تحریک یعنی اے پی ڈی ایم نے نواز شریف کی دوبارہ جلاوطنی کے سلسلہ میں حکومتی رویے کے خلاف منگل کو یوم سیاہ منا رہی ہے۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے سعودی عرب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ا س کے کردار کو پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر اور امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا کہ نے میاں نواز شریف کا زبردستی ملک سے باہر بھیجا جانا اور سعودیہ کا انہیں قبول کرنا پاکستانی قوم ناپسند کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے جسے حکومت ایک بڑا معرکہ سمجھ رہی ہے لیکن یہ اس کی بھول ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کے خلاف ایک بڑی تحریک کا پییش خیمہ ثابت ہوگا۔ مسلم لیگ نواز کے سکریٹری اطلاعات احسن اقبال نے اپنی گرفتاری کے بعد اسلام آباپارہ کے تھانہ آبپارہ سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اے پی ڈی ایم گرفتاریوں کے خلاف منگل کو ملک بھر میں یوم احتجاج منائےگی۔ کوئٹہ میں آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس میں صوبائی قیادت نے شرکت کی اور اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل کو بلوچستان میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور کوئٹہ میں احتجاجی ریلی اور جلسہ منعقد ہو گا۔ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان کاکڑ نے بی بی سی کو بتایا کہ اجلاس میں نواز شریف کی جلا وطنی اور قائدین کی گرفتاری کو عدالت کی توہین سمجھا گیا ہے۔ نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر اسحاق نے کہا کہ وفاقی حکومت کا ایک اور غیر قانونی اقدام پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے اور اس حوالے سے سعودی عرب کی حکومت کو اسق بات کا خیال کرنا چاہیے تھا کیونکہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے نواز شریف کو وطن واپس آنے اور رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے کسی صوبائی سطح کے نمائندے نے آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ یاد رہے جمعیت علماء اسلام بلوچستان میں مخلوط حکومت کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ آج پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ اور تحریک انصاف نے نواز شریف کی جلاوطنی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔ پشاور سے ہمارے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کے مطابق قوم پرست جماعتوں کے اتحاد پختونخواہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (پی این ڈی اے) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی اسلام آباد ائرپورٹ سے جبری واپسی کے خلاف اے پی ڈی ایم کی جانب سے منگل کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پی این ڈی اے کے قائم مقام کنوینر اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی غلام احمد بلور نے پیر کو پشاور میں ایک ہنگامی اخباری کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر اتحاد کے رہنماء حاجی عدیل، مختار یوسفزئی، بشیر احمد بلور، میاں افتخار حسین اور ڈاکٹر سید عالم محسود بھی موجود تھے۔ حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ حکومت نے میاں نوازشریف کو دوبارہ جلاوطن کرکے غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام اٹھایا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی واضح توہین کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ثابت کردیا کہ اس کے نزدیک عدلیہ، قانون اور پارلمینٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے بلکہ ملک میں پاکستان سے بھی زیادہ مشرف کی اہمیت ہے۔ قوم پرست رہنماء نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ پہلے بھی حکومت نے نوازشریف کو زبردستی سعودی عرب بھیجا تھا اور آج بھی حکومت نے دوبارہ زبردستی کی اور سابق وزیراعظم کو ان کی مرضی کے بغیر جبری طور پر جلاوطن کیا گیا۔ حاجی بلور کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ کون سی جمہوریت ہے جس میں کسی کو ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کی اجازت تک نہیں، اسلام آباد کو سیل کردیا گیا ہے، سرحد کا پنجاب سے رابط منقطع کردیا گیا تھا اور حزب اختلاف کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لیاگیا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ پی این ڈی اے منگل کو ملک بھر میں اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کے ہمراہ احتجاج میں بھر پور حصہ لے گا اور اس سلسلے میں پشاور احتجاجی جلسہ بھی منعقد ہوگا۔ ادھر آج شام پشاور میں اے پی ڈی ایم کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں نوازشریف کی دوبارہ جلاوطنی سے پیدا شدہ صورتحال اور منگل کے یوم احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائی گی۔ | اسی بارے میں ’ہمارے دو ہزار کارکن گرفتار‘09 September, 2007 | پاکستان توہین عدالت کی آئینی درخواست10 September, 2007 | پاکستان نواز کو بینظیر پر برتری ہو گی: کھر 10 September, 2007 | پاکستان جاوید ہاشمی، اہم رہنما گرفتار 10 September, 2007 | پاکستان ہمارے رپورٹرز نے کیا دیکھا10 September, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||