وردی میں انتخاب کے خلاف احتجاج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منیر اے ملک نے جنرل پرویز مشرف کے وردی میں صدر کے عہدے پر دوبارہ انتخاب کو روکنے کے لیے اپنے تین ساتھیوں سمیت تین ستمبر کو اسلام آباد میں گرفتاریاں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے منیر اے ملک کہا کہ تین ستمبر کو وہ خود، اعتزاز احسن، طارق محمود اور حامد خان سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر گرفتاریاں پیش کریں گے اور اگر انہیں گرفتار نہ کیا گیا تو پھر وہ آبپارہ چوک تک مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا اور ان کے ساتھیوں کا مشترکہ فیصلہ ہے جس کا مقصد جنرل مشرف کو کسی بھی سیاسی جماعت سے ڈیل کے ذریعے وردی میں دوبارہ منتخب ہونے سے روکنا اور ملک میں فوج کے سیاسی کردار کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وکلاء کی اس تحریک کو دوسرے مرحلے میں لے جایا جائے اور قربانیاں دی جائیں۔‘ منیر ملک نے کہا کہ انہوں نے اپنی مجوزہ تحریک کے لیے دوسری اور تیسری سطح کی قیادت کا تعین کرلیا ہے جو ان کی گرفتاریوں کی صورت میں اس تحریک کو چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے ملک کی تمام بار ایسوسی ایشنوں سے بات کی ہے اور انہیں اعتماد میں لیا ہے۔ وکلاء کی تحریک کی مجوزہ شکل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’ہم لوگ ہر کالے قانون کا انکار کریں گے، پارلیمنٹ کے باہر کیمپ لگائیں گے تاکہ پرویز مشرف کاغذات نامزدگی داخل نہ کرپائیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہمارا بنیادی مطالبہ ہے گو مشرف گو۔ چہرے نہیں نظام کو بدلو۔ ہم یہ نہیں چاہتے ہیں کہ پھر کوئی (شوکت) عزیز صاحب آجائیں ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس ملک کے لیے اس نظام کو ہمیشہ کے لیے بدلو‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ملک میں عوام کا راج ہونا چاہیے، فوج کورن فلیکس بنانا چھوڑ دے اور اپنی بندوقوں کا رخ سرحدوں پر رکھے پاکستان کے عوام پر نہیں‘۔ ان کا کہنا ہے کہ ’جنرل مشرف ملک کے صدر نہیں ہوسکتے کیونکہ وہ ایک غاصب ہیں اور غاصب کو نوازنے اور اس سے مفاہمت کرنے والے سے ہمارا اختلاف ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ لوگ ہمارے اس مؤقف کا احترام کریں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت نے جنرل مشرف کو دوبارہ صدر منتخب کرانے کے لیے کوئی ڈیل کی تو وکلاء جیلوں کو بھر دیں گے۔ منیر ملک نے کہا کہ وہ اپنی تحریک کی حکمت عملی ملک کے سیاسی منظر نامے میں ہونے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر طے کریں گے۔ | اسی بارے میں منیر اے ملک کے گھر پر فائرنگ10 May, 2007 | پاکستان سِیل دفتر کی سِیل توڑ دینے کا حکم09 May, 2007 | پاکستان کراچی کی تمام عدالتوں کا بائیکاٹ10 May, 2007 | پاکستان ’مشرف کو طلب کیا جا سکتا ہے‘05 April, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||