لاپتہ افراد پر اب جھوٹے مقدمے:الزام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپریم کورٹ کے حکم پر گزشتہ چند ہفتوں کے دوران رہا کیے جانے والے گمشدہ افراد میں سے بیشتر کو اب جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس نامی تنظیم کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پونے پانچ سو لاپتہ افراد میں سے سپریم کورٹ کے حکم پر جن ایک سو پندرہ افراد کی رہائی کا اعلان کیا گیا تھا ان میں سے بیشتر کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بیگم آمنہ مسعود نے تصدیق کی کہ پچاس سے زائد لاپتہ افراد گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو رہا کیا گیا ہے ان کو اب بھی سرکاری ایجنسیوں کے اہلکاروں کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ برآمد شدہ لاپتہ افراد کے بارے میں آمنہ مسعود نے بتایا کہ ان افراد کو ملک کی مختلف جیلوں میں خلیج گوانتانامو کی طرز پر خصوصی زرد لباس پہنا کر رکھا گیا جہاں ان سے امریکی حکام تفتیش کرتے رہے۔ ملک کے دور دراز علاقوں سے اسلام آباد آنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین کی اس مشترکہ پریس کانفرنس کے موقعے پر اسلام آباد پریس کلب کے سامنے ان لواحقین نے اپنے گمشدہ عزیزوں کی تصویریں اٹھائے ایک خاموش مظاہرہ بھی کیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف صدارتی ریفرنس کے دوران ڈیفنس آف ہیومن رائٹس نامی تنظیم کے زیراہتمام مختلف مواقع پر پریس کانفرنسیں تو کی جاتی رہیں لیکن گوادر، تربت، کراچی اور ملک کے دور دراز علاقوں سے یہ بچے اور بوڑھی عورتیں، پس منظر میں چلے گئے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ ان گمشدگی کا ازخود نوٹس لے کر کارروائی کرنے والے چیف جسٹس کی بحالی کے بعد یہ خاندان ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں۔ کراچی سے لاپتہ ہونے والے ایک فرد کی بارہ سالہ بیٹی شاری نے اس موقع پر بی بی سی کو بتایا ’ہمارے والد کو اغوا ہوئے کئی سال ہو گئے ہیں لیکن انکا کچھ پتا نہیں۔ میرا صرف ایک مطالبہ ہے کہ ہمارے والد کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے‘ ۔ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی پر خوشی اور توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پہلے سے زیادہ جوش اور جذبے کے ساتھ ان لاپتہ افراد کی بحالی کے لئے اقدامات کریں گے جن کی برآمدگی کا بیڑہ انہوں نے از خود اٹھایا تھا۔ | اسی بارے میں بلوچستان میں ایک صحافی لاپتہ 17 June, 2007 | پاکستان ’حراست وزیراعظم کے ایما پر ہے‘25 June, 2007 | پاکستان لاپتہ افراد کے لیے بھوک ہڑتال31 July, 2007 | پاکستان لاپتہ:’فوج قانون سے بالاتر نہیں‘ 20 June, 2007 | پاکستان حکومتی اہلکاروں سے جواب طلبی25 June, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||