BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 24 July, 2007, 01:22 GMT 06:22 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ججوں کے استعفوں کا فیصلہ باقی

سینئر سول جج راجیش چندر راجپوت مستعفی ہونے والے ججوں میں شامل تھے
نو مارچ کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف صدارتی ریفرنس سپریم جوڈیشئل کونسل کو بھیجے جانے اور انہیں کام سے روکنے کے حکم کے بعد پورے ملک کی وکلاء برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

وکلاء نے ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں عدالتوں کے مکمل بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ جلوس نکال کر اور بھوک ہڑتالیں کرکے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا جو بعد میں تحریک کی شکل اختیار کرگیا لیکن وکلاء کی اس تحریک کو ابتداء میں جس چیز نے مہمیز دی وہ تھی ججوں کے استعفے۔

تالاب میں پہلا پتھر صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے پانچ ججوں نے پھینکا جن میں کراچی کے چار سول ججوں، مصطفی صفوی، اشرف یار خان، الھبچایو گبول اور پیر اسداللہ شاہ راشدی کے علاوہ پنو عاقل کے سول جج راجیش چندر راجپوت شامل تھے۔ ان ججز نے احتجاجاً اپنے عہدوں سے استعفی دیا تھا اور پھر اس کے بعد تو جیسے لائن ہی لگ گئی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جواد اے خواجہ کے ساتھ ساتھ بعض دیگر ججوں نے بھی احتجاجاً اپنے استعفے جمع کرائے اور اسکے بعد بعض سرکاری وکلاء نے بھی استعفے دئے۔

مستعفی ہونے والے ججوں کا مؤقف تھا کہ چیف جسٹس کے خلاف ہونے والی کارروائی کے بعد ان کے لئے اپنے کام کو جاری رکھنا بہت مشکل ہوگیا تھا کیونکہ جب ملک کے چیف جسٹس کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا تو ان حالات میں وہ خود عوام کو کیا انصاف فراہم کر پائیں گے۔

ججوں کے استعفے
 ’مجھے اس وقت تو امید نہیں تھی کہ فیصلہ ایسا ہوگا لیکن بعد میں یہ توقع پیدا ہوگئی تھی کیونکہ جو اتنا عوامی دباؤ پیدا ہوا اور عدالت میں جو کارروائی چلی اس سے اندازہ ہوگیا تھا کہ مثبت فیصلہ آئے گا۔‘
راجیش راجپوت

سپریم کورٹ کے صدارتی ریفرنس کے خلاف چیف جسٹس کی آئینی درخواست پر دئے گئے فیصلے پر یقیناً وکلاء اور عدلیہ کے دیگر اراکین کی طرح یہ ججز بھی بہت خوش ہیں۔

راجیش چندر راجپوت کہتے ہیں کہ ’بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ایک تو یہ کہ ہماری جو قربانی تھی وہ رنگ لائی اور جو تحریک تھی عوام کی، وکلاء کی ظاہر ہے اس میں سب ہی نے حصہ لیا تو اس میں انصاف کی فتح ہوئی، نہ صرف یہ عدالتوں کے لئے بلکہ ملک کے مفاد میں یہ بہترین فیصلہ ہے اس پر ہمیں بڑی خوشی ہوئی ہے۔‘

ایک اور مستعفی جج مصطفی صفوی جہاں اس فیصلے کو سراہتے ہیں وہاں اس کا سہرا وکلاء برادری کے سر باندھتے ہیں۔
’دیکھیں میرے نزدیک تو یہ ایک اچھا فیصلہ ہے بلکہ قومی اعتبار سے یہ پورے پاکستان کے لئے بہت اچھا ہوا کہ نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا گیا اور ججز نے بہت ہی جرآتمندانہ فیصلہ کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس میں وکلاء کا کردار بہت ہی فعال رہا اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انہوں نے اس کاز کو سپورٹ کیا اور انہوں نے ہی اس فیصلے کو ممکن بنایا۔‘

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا استعفے دیتے وقت ان ججز کو توقع تھی کہ ان کی قربانی رنگ لائے گی؟ کراچی کے مستعفی ہونے والے سینئر سول جج الھبچایو گبول کہتے ہیں کہ ’استعفی دینے والا کبھی بھی یہ سب چیزیں سوچ کر یہ فیصلہ نہیں کرتا۔ ہمارے استعفی دینے کی وجہ تو یہی تھی کہ جو کچھ ہوا تھا وہ اس کے خلاف ہمارا ایک احتجاج تھا۔ ہمارا مؤقف یہی تھا کہ جو کچھ ہوا ہے غلط ہوا ہے غیرآئینی غیرقانونی طور پر ہوا ہے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہم نے اپنا اخلاقی فریضہ سمجھا اور اسے پورا کیا۔‘

لیکن راجیش چندر راجپوت کہتے ہیں کہ ’مجھے اس وقت تو امید نہیں تھی کہ فیصلہ ایسا ہوگا لیکن بعد میں یہ توقع پیدا ہوگئی تھی کیونکہ جو اتنا عوامی دباؤ پیدا ہوا اور عدالت میں جو کارروائی چلی اس سے اندازہ ہوگیا تھا کہ مثبت فیصلہ آئے گا۔‘

چیف جسٹس کو جبری رخصت پر بھیجے جانے کے خلاف صوبہ سندھ کے ان سات ججوں کے استعفے منظور نہیں ہوئے تھے بلکہ اب بھی سندھ ہائی کورٹ میں زیرالتواء ہیں۔ ان کے بارے میں امکان یہی ہے کہ وہ واپس لے لئے جائیں گے۔

راجیش چندر راجپوت کہتے ہیں کہ سندھ ہائی کورٹ نے پیر کو انہیں کہا ہے کہ وہ عدالت کو اپنے استعفوں کے بارے میں حتمی فیصلے سے آگاہ کریں جس پر استعفی دینے والے ججز آپس میں صلاح مشورہ کررہے ہیں اور چند دنوں میں ہائی کورٹ کو اپنے متفقہ فیصلے سے آگاہ کردیں گے۔

چیف جسٹس کی بحالی کے لئے وکلاء کی تحریک میں ان کے ہم خیال جج عملاً تو حصہ نہ لے سکے لیکن اپنے عہدوں سے استعفے دیکر وہ تاریخ کے اس اہم باب کا روشن حصہ ضرور بن گئے ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد