’آپریشن روک دیں ورنہ اعلانِ جہاد‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں مقامی طالبان نے حکومت پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر لال مسجد کا محاصرہ فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو وہ ان کے خلاف اعلان جہاد کر دیں گے۔ باجوڑ سے ملنے والی اطلاعات میں سرکاری اور مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی طالبان کے امیر مولوی فقیر محمد کی رہنمائی میں پیر کو صدیق آباد پھاٹک کے مقام پر ایک بڑا جلسۂ عام منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں جہادی تنظیموں کے کارکنوں اور دیگر قبائلیوں نے شرکت کی۔ جلسے میں موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جلسہ گاہ میں مولوی فقیر کے چھ سو کے قریب ساتھی بھی موجود تھے جو راکٹ لانچرز اور دیگر خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جلسہ کے موقع پر باجوڑ کے تمام اہم تجارتی مراکز عنایت کلے، صدر مقام خار اور دیگر بازار مکمل طور پر بند تھے۔ جلسے میں شرکت کرنے والے باجوڑ امن جرگہ کے سربراہ ملک عبد العزیز نے بی بی سی کو بتایا کہ اجتماع میں شریک طالبان کے امیر مولوی فقیر محمد اور دیگر افراد نے لال مسجد کے محاصرہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقررین نے حکومت کو دھمکی دی کہ اگر لال مسجد کے خلاف جاری آپریشن فوری طورپر بند نہیں کیا گیا تو وہ حکومت کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیں گے۔ مقررین نے ایک بار پھر باجوڑ میں جاری سرکاری چیک پوسٹوں اور حکومتی اہلکاروں پر حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ جلسہ سے مولوی فقیر محمد، مولانا عنایت الرحمن، مولانا سید محمد اور امن جرگہ کے سربراہ ملک عبدالعزیز نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جلسہ میں موجود ’مجاہدین‘ نے صدر جنرل پرویز مشرف کا پتلا بھی نذرِ آتش کیا اور امریکہ اور اتحادی افواج کے خلاف نعرہ بازی کی جبکہ ’الجہاد الجہاد ’ کے نعرے بھی لگائے۔ ادھر گزشتہ رات نامعلوم افراد نے باجوڑ کے سول کالونی اور سکاؤٹس قلعہ پر تین راکٹ فائر کیے ہیں جس سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ پولیٹکل ذرائع کا کہنا ہے کہ راکٹ آدھی رات کو فائر کیے گئے ہیں جو سول کالونی اور سکاؤٹس قلعہ کے قریب واقع کھیتوں میں گرے جس سے ان کے مطابق کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واضع رہے کہ اتوار کو بھی باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے قبل چار سکیورٹی اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے نواگئی کے علاقے سے اغواء کیا تھا جو تاحال بازیاب نہیں کرائے جاسکیں ہیں۔ | اسی بارے میں حکومت خمیازہ بھگتےگی:محسود08 July, 2007 | پاکستان ’سیزفائر کریں اور بیٹھ کر بات کریں‘08 July, 2007 | پاکستان لال مسجد حکومت کا ڈرامہ: مینگل07 July, 2007 | پاکستان لال مسجد سے نکلنے کے لیے طلبا کو مہلت05 July, 2007 | پاکستان ’لال مسجد والے ہتھیار ڈال دیں‘07 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: آپریشن کا تیسرا روز، ہلاکتوں کی تعداد انیس05 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: فائرنگ سے دیواریں چھلنی06 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: فائرنگ جاری، اکیس ہلاکتیں06 July, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||