BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 20 June, 2007, 15:26 GMT 20:26 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
درخت کم، دھواں زیادہ، گھٹتا دم

 کراچی
کراچی میں آلودگی کا سب سے بڑا سبب گاڑیوں اور صنعتوں کا دھواں ہے
آج کا کراچی بلند عمارتوں والا ملک کا سب سے بڑا تجارتی شہر ہے جہاں دن رات لاکھوں گاڑیاں اور صنعتیں دھواں اُگلتی ہیں۔ اس آلودہ فضا میں رہنے والے ڈیڑھ کروڑ انسانوں میں سے ہر سال سینکڑوں فضائی آلودگی کے سبب مارے جاتے ہیں مگر پھر بھی ترقیاتی منصوبوں کے نام پر درختوں کا صفایا جاری ہے۔

آئی یو سی این میں فضائی آلودگی کے ماہر احمد سعید کا کہنا ہے ’درختوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کر کے فضا میں تازہ آکسیجن خارج کرنے کی قدرتی صلاحیت ہے۔ آج کراچی میں فضائی آلودگی کا سب سے بڑا سبب گاڑیوں اور صنعتوں کا دھواں ہے جو سانس، حلق، ناک، کان اور جِلدی امراض سے لے کر کینسر تک کا سبب بن رہا ہے جس سے خاموش ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ دھوئیں میں شامل مہلک ذرات کی مقدار کسی بھی لحاظ سے انسانی صحت کے لیے موزوں نہیں۔ اس سے بچنے کا قدرتی اور سہل طریقہ یہ ہے کہ درختوں کی بڑی تعداد ہو جو کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے تازہ آکسیجن ہوا میں شامل کرے۔ تاہم کراچی میں درختوں کی تعداد خطرناک حد تک کم ہے۔‘

پاکستان کے خلائی اور فـضائی تحقیق کے کمیشن سپارکو کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق کراچی میں فضائی آلودگی کی انتہائی تشویشناک شرح کے باعث سینے، ناک اور حلق سے متعلق بیماریوں میں گزشتہ چند برسوں کے دوران ساٹھ فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ آلودگی کے سبب درختوں کی آکسیجن چھوڑنے کی استعداد پر بھی بہت برا اثر پڑا ہے۔

صدر، کلفٹن، ملیر، ڈرگ روڈ، بندر روڈ، سولجر بازار وغیرہ کی درختوں کی چھاؤں اب کہیں نہیں

محکمۂ جنگلات کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ عالمی معیار کے مطابق کسی بھی شہر کے پچیس فیصد رقبے پر درخت ہونے چاہئیں لیکن اس وقت شہر میں فضائی آلودگی کی جو شرح ہے اس میں یہ رقبہ اس سے بھی زیادہ ہونا چاہیے، لیکن اس کے برعکس پاکستان کے اس سب سے بڑے شہر میں درختوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

آج کا کراچی تو آلودہ فضا اور سبزہ سے خالی ہے جہاں درخت خال خال ہی ہیں لیکن نصف صدی پہلے کا کراچی کیسا تھا؟سندھ کے دانشور مرحوم پیر علی محمد راشدی اپنی خود نوشت’وہ دن، وہ لوگ‘ میں لکھتے ہیں:

’لاڑکانہ کی چلچلاتی گرمی اور مچھروں سے تنگ آ کر کراچی کا رخ کرتے تھے۔ جب ریل گاڑی جنگ شاہی سٹیشن سے آگے نکلتی تو ٹھنڈی ہوا کے جھونکے جسم کو چومنے لگتے۔ دھابے جی سٹیشن پہنچنے تک جِلد سے گرمی دانوں میں کمی اور بدن میں توانائی محسوس ہونے لگتی۔ دنیا گھوم لی، پھر ایسی صاف، خوشبو دار ہوا نہ ملی۔ پرانے کراچی کی یہ ٹھنڈی ہوا کیا تھی، اس کا اندازہ لگانا بھی آج کل کے حالات میں ممکن نہیں۔‘

مرحوم پیر علی محمد راشدی کے بقول تب پی سی ایچ ایس سوسائٹی کا علاقہ گھنا جنگل تھا جہاں باقاعدہ شکار گاہیں تھیں۔‘

کوئی نہیں جانتا کہ کراچی میں درختوں کی تعداد کتنی ہے

پی سی ایچ ایس کا یہ جنگل آج کراچی کا گنجان آباد اور بیش قیمت علاقہ ہے جہاں شہر کا مصروف تجارتی مرکز طارق روڈ بھی واقع ہے۔ یہاں انسانوں کا جنگل ہے اور کثیرالمنزلہ تجارتی شاپنگ مال ہے۔ درختوں کا سایہ کہیں نہیں، البتہ فضا میں دھویں کے کثیف بادل ہمہ وقت موجود رہتےہیں۔

تبدیلی کا یہ سفر کس طرح طے ہوا؟ نوے سالہ سراج خان اس کی تفصیل یوں بیان کرتے ہیں:

’یہ 1968ء کی بات ہے۔ میں ہندوستان سے یہاں آیا تو سینٹرل جیل کے قریب سر چھپانے کو جگہ ملی۔ تب تک یہاں باقاعدہ جنگل کٹنے لگا تھا۔ آج کی جیل چورنگی سےموجودہ شہری حکومت کے مرکز حسن اسکوائر تک جانا پڑ جاتا تو لوگ رات کے وقت سبزی منڈی سے آگے واقع جنگل میں سے گزرتے ہوئے کتراتے تھے۔ اُس وقت آج کا یہ یونیورسٹی روڈ کنٹری کلب روڈ کہلاتا تھا۔ اس کی واحد نشانی ایرو کلب تھا۔ میں نے خود یہاں بڑے بڑے درختوں پر گلائیڈر اڑتے دیکھا۔‘

پھر کیا ہوا، جواب میں انہوں نے دوبارہ گفتگو شروع کی:

’ آہستہ آہستہ آبادی بڑھنے لگی۔ نئے علاقے آباد ہونے لگے اور درخت بے دھڑک کٹتے چلے گئے۔‘

ستر کی دہائی تک کن کن اقسام کے درخت یہاں ہوتے تھے؟ یہ سوال ملیر کی رہائشی بزرگ خاتون سلطانہ بیگم سے پ-وچھا تو وہ کہنے لگیں:

ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹ قرار دے کر شہر بھر میں پانچ ہزار درخت کاٹے گئے

’ملیر پرفضا جگی تھی۔ ابھی دھواں اتنا پھیلا نہیں تھا۔ نیم، بکائن، پیپل، برگد اور بادام کے درخت بہت تھے۔ لوگ گھروں میں لگے درختوں کی بھی بہت دیکھ بھال کرتے۔ مگر اب سب گذری باتیں ہیں۔ جب باہر نکلتی ہوں تو دھویں میں دم گھٹنے لگتا ہے۔ درخت اور گھر کا تو رشتہ ہی ختم ہوگیا۔‘

رضوان قریشی مصور ہیں۔ کہتے ہیں ’ترقی کا عمل فطرت کی قیمت پر نہیں ہوتا، مگر ہم نے یہ سودا کراچی میں کیا ہے۔ شہر میں درختوں کی بڑی تعداد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کاٹی گئی۔ ترقی کی قیمت تو ادا کردی، اب آلودہ فضا اُسی سودے کی سزا ہے۔‘

کراچی میں درختوں کی تعداد کتنی ہے؟ یہ سوال کراچی شہری حکومت کے ایک افسر سے کیا تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ’یہ کوئی نہیں جانتا کہ کراچی میں درختوں کی تعداد کتنی ہے۔ نہ ہی اب تک کوئی ایسا سروے کیا گیا ہے جس سے پتا چل سکے کہ شہر میں درختوں کی تعداد کیا ہے۔‘

یہ سروے کرنا کس کی ذمہ داری ہے؟ اس کاجواب تو ان سے نہیں مل سکا لیکن ان کٹنے والے درختوں کے اعداد و شمار کا ضرور علم ہوگیا جوگزشتہ سات برس کے دوران ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھ کر کاٹے گئے اور جو مستقبلِ قریب میں کٹ کر گرنے والے ہیں۔

اگر یونہی درخت کٹتے رہے تو پھر زندگی کا مستقبل تاریک ہے

ذرائع بتاتے ہیں کہ سابق ناظمِ کراچی نعمت اللہ خان کے دور2001ء تا 2004ء کے دوران کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹ قرار دے کر شہر بھر میں پانچ ہزار درخت کاٹے گئے۔ ان کے بعد منتخب ہونے والے ناظمِ کراچی مصطفیٰ کمال کے دور میں اس عذر کی بناء پر اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں ایک ہزار درخت کاٹے جاچکے ہیں۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی۔ شاہراۂ فیصل پر لانڈھی کے علاقے قائد آباد سے مرکزِ شہر میں واقع مولوی تمیز الدین خان روڈ تک ’کراچی ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے‘ کی پندرہ کلومیٹر طویل بالائی گزرگاہ کی تعمیرکا آغاز حتمی مراحل میں ہے، جس میں مزید درخت کام آئیں گے۔ ایک تخمینے کے مطابق ان درختوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔

پاکستان میں تخفظِ ماحول کے قانون مجریہ 1997ء کی رو سے’درخت کاٹ کر سبز ماحول کو نقصان پہنچانے کا جرم مستوجبِ سزا ہے، جس پر مجرم کو تین ہزار روپے جرمانے اور چھ ما قید کی سزا دی جائے گی۔‘

 قوانین کے تحت اس علاقے کو سرسبز بنائے رکھنا لازم ہے، تاہم گزشتہ برس سوسائٹی انتظامیہ کی ہدایت پر سفیدے کے چھ سو درخت اس عذر پر کاٹے گئے کہ یہ ماحول دوست نہیں ہیں

امیر لوگوں کی بستی ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے ماحولیاتی صحافی ایم کمال کا کہنا ہے کہ ’قوانین کے تحت اس علاقے کو سرسبز بنائے رکھنا لازم ہے، تاہم گزشتہ برس سوسائٹی انتظامیہ کی ہدایت پر سفیدے کے چھ سو درخت اس عذر پر کاٹے گئے کہ یہ ماحول دوست نہیں ہیں۔‘

بقول ایک طالبعلم کے اگر کراچی میں یونہی درخت کٹتے رہے اور ان کی جگہ لاحاصل شجرکاری یونہی بے نتیجہ ثابت ہوتی رہی تو پھر زندگی کا مستقبل تاریک ہے۔

 نثار میمن پاکستان میں آلودگی
پرندوں نے 12 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے
کراچی میں ٹریفکدھواں دھواں رہگزر
کراچی میں جان لیوا حد تک آلودگی : سپارکو
لاہور سٹیشندرخت اور زندگی
پھیلتے شہر، سکڑتے باغ، زندگی مشکل
پسنیریت میں ڈوبتاشہر
پسنی کا شہر اور ساحل مسلسل صحرا کی زد میں
ترقی یا بہتر ماحول؟ترقی یا بہتر ماحول؟
ماحولیات کی سیاست پر آپ کیا سوچتے ہیں؟
انڈیا مون سونپانی ہے تو بقاء ورنہ۔۔۔
بھارت: ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کے پنپتے مسائل
پگھلتی برفماحولیاتی تبدیلی
سب سے زیادہ اثر غریبوں پر ہوگا
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد