اعجاز مہر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | جنرل مشرف نے فوج کو عوام کے مدمقابل کھڑا کردیا ہے: نثار چودھری |
پاکستان مسلم لیگ نواز کے سرکردہ رہنما چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کور کمانڈرز کی حمایت حاصل ہونے کا بیان جاری کر کے صدر جنرل پرویز مشرف نے تُرپ کا آخری پتہ کھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈرز کی حمایت کا بیان غلط ہے اور اگر ایسا ہے تو وہ اس کانفرنس کی کارروائی کی تفصیلات عوام کے سامنے جاری کریں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کس جرنیل نے کیا کہا۔ چودھری نثار علی خان نے سنیچر کو نیوز کانفرنس میں کہا کہ کو کمانڈرز کانفرنس کا بیان عدلیہ، میڈیا، قوم، سیاسی جماعتوں اور شہری حقوق کی تنظیموں کو ایک دھمکی ہے جو کسی طور قبول نہیں۔  |  ایک ادارہ جس کے پاس بندوق ہے اگر وہ کھلے عام سیاست میں مداخلت کرے گا تو یہ خانہ جنگی کو دعوت دینے کے برابر ہے۔  چودھری نثار علی خان |
انہوں نے الزام لگایا کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے یہ بیان جاری کر کے فوج کو قوم کے مد مقابل کھڑا کردیا ہے۔ ’ایک ادارہ جس کے پاس بندوق ہے اگر وہ کھلے عام سیاست میں مداخلت کرے گا تو یہ خانہ جنگی کو دعوت دینے کے برابر ہے۔‘مسلم لیگ نواز کے رہنما نے کور کمانڈرز کانفرنس کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جرنیلوں سے دو عہدوں پر فائز رہنے کی منظوری لینی ہے تو پھر انتخابات کی کیا ضرورت ہے؟ ’صدر مشرف نے پہلے اپنی مافیا متحدہ قومی موومینٹ یعنی ایم کیو ایم کو استعمال کیا اور جب ناکام ہوا تو اب فوج کو اپنے مفاد میں استعمال کر رہا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ایم کیو ایم، وہی جماعت ہے جس سے کل اِسی فوج نے جناح پور بنانے کے نقشے برآمد کیے اور ہندوستان کی ایجنٹ جماعت قرار دیا اور آج وہ اُسی فوج کے کمانڈر کی ’اوپننگ بیٹسمین‘ کا کردار ادا کر رہی ہے۔‘ چودھری نثار علی خان نے میڈیا پر قدغن لگانے کی مذمت کی اور کہاکہ براہ راست نشریات دکھانے پر پابندی عائد کرنا اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق میڈیا کو جو آزادی ملی ہے وہ صدر مشرف کی خیرات نہیں بلکہ ذرائع ابلاغ کی ساٹھ سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے گزشتہ چند برسوں میں آنے والی تین سو ارب روپوں کی امداد کا حساب کتاب قوم کو بتایا جائے کہ وہ رقم کہا گئی، کیا یہ رقم خون بہا ہے؟ |