BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 02 May, 2007, 15:08 GMT 20:08 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پنجاب کی عدلیہ کا’امتحان‘

جسٹس افتخار
جسٹس افتخار نے سب سے پہلا خطاب لاہور ہائیکورٹ بار راولپنڈی بنچ سے کیا
پانچ مئی کو لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے’غیر فعال‘ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کے خطاب کے اعلان کے بعد وکلاء اس سوال کا جواب تلاش کر رہے ہیں کہ آیا پنجاب کی اعلٰی عدلیہ بھی دیگر صوبوں کے جج صاحبان کی طرح اس تقریب میں شرکت کرےگی یا نہیں۔

حیدرآباد اور پشاور میں جسٹس افتخار محمد چودھری کے خطاب کی تقریب میں سندھ اور سرحد کی اعلٰی عدلیہ کے ججوں نے شرکت کی جس کے بعد اس بات کی اہمیت بڑھ گئی ہے کہ آیا دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کی اعلٰی عدلیہ کے جج بھی لاہور ہائیکورٹ بار میں چیف جسٹس پاکستان کے خطاب کی تقریب میں شریک ہو کر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں یا نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے جسٹس افتخار محمد چودھری کے خطاب کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان کو مدعو کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلہ میں پنجاب کی اعلٰی عدلیہ کو دعوت نامے بھجوائے جا رہے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چودھری کے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے پانچ مئی کو خطاب کی منسوخی کے لیے ایک قرارداد کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں اس وقت چونتیس جج کام کر رہے ہیں جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے ایک جج جسٹس جواد ایس خواجہ عدالتی بحران پر استعفٰی دے چکے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس افتخار حسین چودھری اس پانچ رکنی سپریم جوڈیشل کونسل کے بھی رکن ہیں جو جسٹس افتخار محمد چودھری کے خلاف ریفرنس کی سماعت کر رہی ہے اور غیر فعال چیف جسٹس نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی کونسل میں شمولیت کے خلاف ایک درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔

صدارتی ریفرنس دائر ہونے کے بعد جسٹس افتخار محمد چودھری نے سب سے پہلا خطاب لاہور ہائیکورٹ بار راولپنڈی بنچ سے کیا جس میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے کسی جج نے تو شرکت نہیں کی تاہم اس تقریب میں شرکت کرنے والی ایک خاتون سول جج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں تبدیل کر دیا گیا۔

پاکستان بار کونسل کے رکن اور پنجاب بار کونسل کے سابق نائب چیئرمین رمضان چودھری نے بتایا کہ پنجاب بارکونسل نے اس سال جنوری میں اپنے سالانہ عشائیہ میں روایت کے مطابق چیف جسٹس پاکستان افتخارمحمد چودھری کو مدعو کیا تھا لیکن اس تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت ہائی کورٹ کے کسی جج نے شرکت نہیں کی تھی۔

 جسٹس افتخار محمد چودھری کے حیدرآباد اور پشاور میں خطاب کی تقریب میں سندھ اور سرحد کی اعلٰی عدلیہ کے ججوں نے شرکت کی جس کے بعد اس بات کی اہمیت بڑھ گئی ہے کہ آیا دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کی اعلٰی عدلیہ کے جج بھی لاہور ہائیکورٹ بار میں چیف جسٹس پاکستان کے خطاب کی تقریب میں شریک ہو کر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں یا نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان پنجاب بار کونسل کے سالانہ عشائیے اور اپنے خلاف ریفرنس دائر ہونے کے بعد پہلی مرتبہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے لیے آ رہے ہیں اور پنجاب ملک کا وہ سب سے بڑا صوبہ ہے جس کے بارے میں دیگر صوبوں کا یہ تاثر ہے کہ یہاں مقتدر حلقوں کا جھکاؤ روایتی طور پراسٹیبلشمنٹ کے حق میں رہا ہے اور دیگر تین صوبے اپنی محرومی کا اظہار جس طرح کرتے ہیں اس کا اندازہ سابق وزیراعظم میر ظفرجمالی کے ایک حالیہ بیان سے لگایا جاسکتا ہے جس میں انہوں نے کہا’احساس محرومی کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ پہلے ہمارا گورنر نکالا گیا، پھر مجھے فارغ کیا گیا، پھر اکبر بگٹی کا قتل ہوا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری رخصت کر دیے گئے۔ بلوچستان کا جرم کیا ہے؟ کیا چھوٹا ہونا گناہ ہے؟‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جسٹس افتخار کے وکیل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر حامد خان نے کہا کہ سندھ اور سرحد کی عدلیہ کی طرح پنجاب کی عدلیہ کو چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا چاہیے ۔

پانچ مئی کی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان عملاً شریک ہونگے یا نہیں؟ سردست اس کا حتمی جواب کسی کے پاس نہیں ہے لیکن حامد خان نے کہا کہ اگر پنجاب کی عدلیہ اس تقریب میں شرکت نہیں کرتی تو اس سے وکلاء تحریک کو کوئی نقصان نہیں ہوگا تاہم پنجاب کی عدلیہ پر ضرور حرف آئے گا۔

قانونی نکات
جسٹس افتخار کی پیٹیشن کے قانونی نکات
جسٹس افتخار کیس
’غیر فعال‘ چیف جسٹس کیس میں کب کیا ہوا
مزاحمت کی علامت
چیف جسٹس کا سپریم کورٹ میں نیا محاذ
غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چودھریججوں سے اپیل
چیف جسٹس کا ساتھ دیں: سپریم کورٹ بار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد