محمد اشتیاق بی بی سی اردو ڈاٹ کام،اسلام آباد |  |
 | | | اکانوے صفحات پر مشتمل اس کتابچے میں کئی مبینہ سکینڈلز کی تفصیل ہے |
پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے جمعہ کو ایک کتابچہ شائع کیا ہے جس کا موضوع مشرف حکومت کی مبینہ بدعنوانی یا ’میگا کرپشن‘ ہے۔ احسن اقبال نے اسلام آباد میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ گزشتہ سات سالوں کے دوران مشرف حکومت جو دعوی کرتی رہی ہے کہ وہ پاکستان کی سب سے کامیاب حکومت ہے، پاکستان کی تاریخ کی بد ترین کرپشن کی مرتکب ہوئی ہے۔ مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری اطلاعات نے مشرف حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب سپریم کورٹ نے ایک کرپشن سیکنڈل ’سٹیل ملز‘ کا از خود نوٹس لیا تو مشرف حکومت نے عدلیہ کو بھی نہیں چھوڑا اور اسی وجہ سے اب ملک ایک عدالتی بحران کا شکار ہے۔ نواز لیگ کی جانب سے جاری کیے گئے اکانوے صفحات پر مشتمل اس کتابچے میں سٹیل ملز، حبیب بینک، پی ٹی سی ایل، لینڈ مافیا، ریلوے انجنوں، سٹاک ایکسچینج، قیدیوں کے تبادے کے معاہدے، چینی کا بحران، پاک امریکن فرٹیلائزر، اور خفیہ ایجنسیوں کے کردار جیسے سکینڈلز کا تفصیل کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے کتابچے میں حکومت پر عدلیہ اور آئینی اداروں کو تباہ کرنے اور میڈیا پر حلموں جیسے الزامات بھی لگائے گئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت مشرف حکومت کی جانب سے کی جانے والی کرپشن کو تحریری طور پر اس لیے منظر عام پر لایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کے عوام اور دانش ور طبقے کو پاکستان کے کلیدی اداروں میں ہونے والی کرپشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ پریس کانفرنس میں ملک میں موجود بجلی کے بحران پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں دو ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی ہے جو موسم گرما کے شدید ہونے کے ساتھ ساتھ پانچ ہزار میگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔ اور یہ ایسان بحران ہے جس سے عام آدمی سے لے کر ملک کی انڈسٹری سب متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت برائے اطلاعات طارق عظیم نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیا ہے۔ طارق عظیم کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن صدر مشرف اور وزیراعظم پر آج تک کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا سال ہے اور پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کے بدعنوانی کے الزامات اپوزیشن کے بیمار ذہن کی اختراع ہیں۔
|