احمد رضا شیخ کراچی |  |
 | | | ریلی میں بیشتر پی پی پی کے کارکن تھے |
کراچی میں اتحاد برائے بحالئ جمہوریت کی جانب سے چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری کو غیرفعال کیے جانے کے خلاف اور وکلاء برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے فریسکو چوک برنس روڈ سے آرٹس کونسل تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جمعہ کے روز اس ریلی میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان کی اکثریت پیپلز پارٹی کے کارکنان پر مشتمل تھی۔ریلی کی قیادت سینیٹ میں قائد حزب اختلاف رضا ربانی، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نثار احمد کھوڑو، اے آر ڈی سندھ کے صدر زین انصاری، سید قائم علی شاہ، راشد ربانی اور سردار رحیم نے کی۔ شرکاء ہاتھوں میں پارٹی جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور ’گو مشرف گو‘ سمیت دوسرے حکومت مخالف نعرے لگارہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر جنرل پرویز مشرف کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ سینیٹر رضا ربانی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پرویز مشرف سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ رہی ہے کہ جب بھی اتنی بڑی تعداد میں لوگ آمر حکومت کے خلاف سڑکوں پر آتے ہیں تو حکمرانوں کا آخری وقت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ ہی آزادانہ انتخابات کی ضمانت ہوتی ہے، اس لئے چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے آئندہ انتخابات بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے بغیر کرانے کی کوشش کی تو اے آر ڈی اسے قبول نہیں کرے گی۔ |