’حکومت نےیو ٹرن لے لیا ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مذہبی تنظیموں کی جانب سے کراچی شہر میں منظم کیے گئے جلسے اور جلوسوں میں پاکستان کی موجودہ حکومت پر الزام لگایا گیا کہ اس نے مسئلہ کشمیر پر ’یو ٹرن‘ لے لیا ہے۔ کراچی پریس کلب کے سامنے جماعت الدعوۃ کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مقررین نے (کشمیر میں) جہاد جاری رکھنے کا عزم کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین مفتی عثمان یار خان، مولانا یحییٰ بھٹی، مولانا کلیم اللہ اور دیگر نے کہا کہ حکومت ایک طرف کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منا رہی ہے اور دوسری طرف ہندوستان سے، جو کشمیریوں پر مظالم میں ملوث ہے، دوستی کی جا رہی اور اس کے ساتھ تجارت بڑھانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ کشمیریوں کے خون پر بھارت سے تجارت اور دوستی کے معاہدے کامیاب نہیں ہونے دیئے جائیں گے، ایک لاکھ کشمیریوں نے ان مقاصد کے لیے جانوں کی قربانی نہیں دی‘۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف جہاد میں مضمر ہے۔ ’مجاہدین بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ہر صورت میں جہاد جاری رکھیں گے‘۔
جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ کی طرف سے نکالی گئی ’کشمیر بچاؤ ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مجاہدین کا ساتھ دے۔ حزب التحریر کی جانب سے شہر بھر میں دیواروں پر پوسٹر آویزاں کیے گئے ہیں، جن پر لکھا ہوا ہے کہ اگر’ کشمیر کا سودا‘ کیا گیا تو یہ کشمیروں کے خون سے غداری اور امن کے نام پر ایٹمی منصوبے کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ شہر میں بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار سے شہری حکومت کی جانب سے ’کشمیر یکجہتی ریلی‘ بھی نکالی گئی، جس کی سربراہی سندھ کے وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کر رہے تھے۔ ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا بھارت سے تجارت کے معاہدے بے معنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف کے عوام کے مطالبے پر تھر ایکسپریس ریل سروس شروع کی گئی تھی، مگر بھارتی حکومت نے بہانے بنا کر اسے بند کردیا ہے۔ | اسی بارے میں ’زمینی راستے مل سکتے ہیں، اگر۔۔۔‘31 January, 2007 | پاکستان بھارت مثبت جواب دے :عمر فاروق27 January, 2007 | پاکستان بھارتی یوم جمہوریہ پر احتجاج 26 January, 2007 | پاکستان اسلام آباد میں کشمیر کیلیے مظاہرہ19 January, 2007 | پاکستان اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل04 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||