 | | | امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی |
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے۔ نینسی پلوسی واشنگٹن میں حزب اختلاف کی سب سے اہم رہنما ہیں۔ ان کی جماعت ڈیموکریٹِک پارٹی نے کانگریس میں پاکستان سے متعلق بِل پیش کیا ہے جس کا مقصد طالبان کی حمایت کو کمزور کرنا ہے۔ اسلام آباد میں صدر مشرف سے ہونے والی ان کی گفتگو کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں لیکن سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے طالبان اور القاعدہ کے خلاف پاکستانی کردار کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹِک پارٹی نے جو بِل پیش کیا ہے اس کے تحت اگر صدر جارج بش یہ تصدیق نہیں کرپاتے کہ پاکستان طالبان کی حمایت نہیں کررہا تو پاکستان کو امریکی امداد کم کی جاسکتی ہے۔ یہ بِل امریکی ایوان نمائندگان سے منظور ہوچکا ہے اور اب سینیٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ڈیموکریٹِک پارٹی کا کنٹرول ہے۔ |