اسلام آباد: خودکش حملہ، دو ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسلام آباد میں جمعہ کی دوپہر میریٹ ہوٹل کے پاس ایک خودکش حملے میں دو افراد ہلاک اور کم از کم پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ سیکریٹری داخلہ سید کمال شاہ نے بتایا کہ مارے جانے والوں میں ایک خود کش بمبار اور دوسرا ہوٹل کا سیکورٹی گارڈ ہے۔ ہوٹل میں جمعہ کی شام کو بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے ملک کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک عشایئے کا بھی اہتمام کیا ہوا تھا جس میں سفارتکاروں کی ایک بھاری تعداد کی شرکت متوقع تھی۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ مشتبہ خود کش بمبار کے جسم کے ٹکڑوں کا معائنہ ہورہا ہے۔ ان کے مطابق ہوٹل کے سکیورٹی گارڈ کا نام طارق تھا جو حملہ آور کو ہوٹل میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔ دریں اثناء صدر جنرل پرویز مشرف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ میریٹ ہوٹل کے مالک صدرالدین ہاشوانی نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکہ ہوٹل کے باہر ہوا ہے اور اس کا نشانہ ہوٹل نہیں تھا۔ واقعے کے ایک چوبیس سالہ عینی شاہد عدنان ملک نے بتایا کہ وہ میریٹ ہوٹل کے پاس سے گزر رہے تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوا اور انہیں ایسا لگا کہ زمین کانپنے لگی ہے۔ ان کے دوست نے بتایا کہ جب وہ دھماکے والی جگہ کی طرف آئے تو انہیں سڑک پر گوشت کے لوتھڑے بکھرے ہوئے نظر آئے۔ عدنان نے بتایا کہ ایک گرے رنگ کی کار اس وقت دھماکے کی جگہ سے گزر رہی تھی جو اچانک رک گئی اور اس کے شیشیے ٹوٹ گئے۔ پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور کی ہلکی داڑھی تھی۔ کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس نے جائے حادثہ کی ناکہ بندی کر دی اور اس مقام کو ہارڈ بورڈ یعنی گتے لگا کر چھپا دیا۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور میریٹ ہوٹل کی طرف آنے جانے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ اس دوران پولیس نے صحافیوں کو دھکے دیئے اور لاٹھی چارج کیا۔ انہوں نے کچھ صحافیوں اور فوٹو گرافروں کو پکڑ کر لاٹھیاں برسائیں۔ صحافیوں نے اس پر سخت احتجاج کیا جس کے بعد سیکریٹری داخلہ نے معذرت کی۔ صحافیوں کی ایک تنظیم کے رہنما سی آر شمسی نے بتایا ہے کہ چار صحافیوں اور فوٹو گرافرز کو زخمی حالت میں فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہاسپیٹل میں داخل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے صحافیوں پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ | اسی بارے میں نوشہرہ کے جلوزئی کیمپ میں دھماکہ 15 January, 2007 | پاکستان بلوچستان :دھماکہ ریل کی پٹری تباہ18 January, 2007 | پاکستان چمن: آئل ٹینکر دھماکے سے تباہ14 January, 2007 | پاکستان ہنگو کے بازار میں دھماکہ25 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||