صلح کے لیے کم سن بچوں کا نکاح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم کے ایک نوجوان امام بخش بگھیو نے اپنی کم سن بہن کے ساتھ کراچی میں پناہ لی ہیں کیونکہ اس کے بقول جرگے نے اس کی پانچ سالہ بہن کا نکاح ایک چار برس کے لڑکے سے کرنے کو کہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نکاح کے لیے عید کا دوسرا روز مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نکاح سے انکار کردیا ہے اور اپنی بہن کو لے کر کراچی آگئے ہیں جس کے بعد انہیں اور ان کی بہن کی زندگی کو خطرہ ہے۔ امام بخش بگھیو نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر جنرل پرویز مشرف اور حقوق نسواں کی تنظیموں سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ امام بخش نے بتایا: ’ فیصلے میں ہم پر یہ مسلط کیا گیا کہ ہم اپنی معصوم بہن صنم کا نکاح ماسٹر پنھل کے چار سالہ بیٹے ماجد علی سے کریں گے اور یہ فیصلہ وڈیرے محمد خان جونیجو کے لیٹر ہیڈ پر تحریر کیا گیا۔‘
دوسری جانب بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محمد خان جونیجو نے اس فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کوئی زبردستی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ امام بخش بگھیو نے بی بی سی کو بتایا کہ انیس سو پچانوے میں ان کی ماسٹر پنھل کی بیٹی عائشہ سے شادی ہوئی تھی اس کے بدلے میں ان کی بہن کا رشتہ ماسٹر پنھل کے بیٹے عابد علی کو دیا گیا تھا۔ آگے چل کر عابد علی نے ان کی بہن سے یہ کہہ کر شادی کرنے سے انکار کردیا کہ لڑکی کا رنگ سانولا ہے وہ اسے پسند نہیں کرتے۔ جس پر انہوں نے اپنی بہن کی شادی کسی اور جگہ طے کردی۔ امام بخش کے مطابق ان کی بہن کے نکاح کے وقت ماسٹر پنھل پولیس لے کر پہنچ گئے اور دعویٰ کیا کہ لڑکی کا نکاح پہلے ہوچکا ہے۔ پولیس انہیں گرفتار کر کے لےگئی۔
امام بخش نے بتایا کہ پولیس سے جان چھڑانے کے لیے انہوں نے علاقے کے وڈیرے اور سابق ایم این اے محمد خان جونیجو سے مدد کی درخواست کی جنہوں نے پولیس سے رہا کروایا اور فیصلہ کرنے کو کہا۔ امام بخش نے تحریر شدہ فیصلے کی نقل بھی دکھائی جس میں کہا گیا ہے کہ دھنی بخش اور محمد پنھل کا فیصلہ وڈیرے محمد خان جونیجو اور مفتی امان اللہ بروہی کے روبرو طے پایا ہے، محمد پنھل کے بیٹے عابد علی کو دھنی بخش نے اپنی بیٹی کا رشتہ دیا تھا جو اس نے ٹھکرا دیا تھا ۔ اس کے بدلے میں دھنی بحش اپنی چھوٹی بیٹی گل صنم جس کی عمر تین سال ہوگی، وہ محمد پنھل کے بیٹے ماجد علی کو دے گا۔ تحریری فیصلے کے مطابق فیصلہ دونوں فریقین نے خوشی سے قبول کیا۔ جبکہ امام بخش کا کہنا ہے کہ انہوں دباؤ میں آکر اس فیصلے پر دستخط کئے تھے مگر وہ بار بار وڈیرے سے کہتے رہے کہ یہ فیصلہ نہ کیا جائے کیونکہ وہ ساری زندگی اپنی بہن کی آنکھوں میں شرمندہ ہوتے رہیں گے۔ دوسری جانب بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محمد خان جونیجو نے اس فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کوئی زبردستی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ محمد خان جونیجوکا کہنا ہے کہ وہ سردار نہیں لوگوں کے امین ہیں جو ان میں صلح صفائی کرواتے ہیں اور یہ کہ چھوٹے بڑوں اور وٹے سٹے کی شادیاں سندھ کا رواج ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق قریبی رشتہ دار ہیں اور بات گھروں میں طلاق تک پہنچ گئی تھی۔ فریقین نے انہیں کہا کہ صلح کی بات کرو۔ دھنی بخش والوں نے کہا کہ ان کے پاس ایک چھوٹی بچی ہے اگر پنھل والوں کے پاس چھوٹا بچہ ہے تو وہ اسے یہ رشتہ دینے کو تیار ہیں جس کے بعد یہ رشتہ طے ہوا ہے۔ محمد خان جونیجو کے مطابق محمد پنھل والوں کا کہنا تھا کہ فیصلہ تحریر کیا جائے، کل کو یہ منحرف ہوجائیں، بچی جوان ہو تو نہ دیں، اس لئے نکاح کیا جائے۔ ’میں نے انہیں مشورہ دیا کہ یہ شرعی معامعلہ ہے اس لئے کسی مولوی سے معلوم کیا جائے۔‘ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو ایک ماہ سے زیادہ عرصے گزرگیا ہے اس کے بعد انہیں کچھ معلوم نہیں۔ اور یہ کہ انہوں نے کوئی دباؤ نہیں ڈالہ ہے اگر دونوں فریق راضی نامہ کرتے ہیں تو کریں ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سندھ میں یہ رواج ہے کہ بچوں کے فیصلے اور رشتے ماں باپ کرتے ہیں۔ ’یہ شرعی حق ہے۔ نوجوان نسل کو اللہ سمجھائے یہ اپنے آپ کو پتہ نہیں کیا سمجھتے ہیں۔ انہیں بڑوں کا احترام نہیں ہے۔ تھوڑا بہت پڑھ گئے ہیں وہ خود کو عقل مند سمجھتے ہیں۔‘ | اسی بارے میں سرحد: غیرت کے نام پر قتل نظر انداز29 April, 2006 | پاکستان بچوں کی شادی سے منع کرنے کی سزا12 May, 2005 | انڈیا بارہ سالہ بچی کے پانچ شوہر22 June, 2004 | پاکستان وٹہ سٹہ، غیرت کے قتل، ترامیم مؤخر25 October, 2004 | پاکستان وٹہ سٹہ کی شادی بھی جرم ہوگی21 October, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||