کوئٹہ: انجمن ِ تاجران کا احتجاج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ میں پیر کو انجمن ِتاجران اور پشین سے تعلق رکھنے والے افراد نے جمعرات کو مبینہ طور پر سرکاری اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرے میں انجمنِ تاجران کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں کے عہدیدار اور ضلع پشین کے شہری شامل تھے۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کے بعد مظاہرین نے گورنر ہاؤس تک جلوس نکالا اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انجمنِ تاجران کے جنرل سیکرٹری سعداللہ اچکزئی نے بی بی سی کو بتایا کہ گورنر نے واقعہ کی تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے جمعرات کو مبینہ طور پر سرکاری اہلکاروں کی فائرنگ سے محمد حنیف نامی شہری ہلاک ہو گیا تھا۔ محمد حنیف ایک تاجر تھے جو بقول ان کے رشتہ داروں کے اپنی بچی کو علاج کے لیے ڈاکٹر کے پاس لے جا رہے تھے۔ محمد حنیف کے ایک رشتہ دار یسین آغا نے بی بی سی کو بتایا کہ محمد حنیف بے گناہ تھے۔ وہ نہ تو کوئی دہشت گرد تھے اور نہ ہی مجرم بلکہ ایک محبِ وطن شہری تھے۔ علاوہ ازیں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے قائدین نے جماعت کے سربراہ سمیت دیگر قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت کے قائم مقام صدر آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے اعلان کے بعد سے اب تک ان کی جماعت کے سربراہ سردار اختر مینگل سمیت کوئی پندرہ سو قائدین اور کارکن گرفتار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیس دسمبر کو صوبہ بھر کے تمام پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور چھبیس دسمبر کو تمام قومی شاہراہوں کو بند کیا جائے گا۔ آغا حسن بلوچ بی این پی کے مرکزی لیبر سیکرٹری ہیں لیکن قائدین کی نظر بندی اور گرفتاریوں کی وجہ سے اس وقت وہ قائم مقام مرکزی صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ | اسی بارے میں بلوچستان آپریشن: کوئٹہ میں مظاہرہ15 September, 2006 | پاکستان کوئٹہ: بگٹی ہلاکت پراحتجاجی جلسہ18 September, 2006 | پاکستان کوئٹہ دھماکےمیں2 پولیس اہلکار ہلاک02 November, 2006 | پاکستان کوئٹہ سے 28 افغان باشندے گرفتار21 November, 2006 | پاکستان کوئٹہ تفتان ریلوے پٹڑی پر دھماکے29 November, 2006 | پاکستان کوئٹہ: دھماکے جاری، حکام خاموش11 December, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||