سپریم کورٹ کے ’دہرے معیار‘پر فکر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سرحد اسمبلی سے منظور شدہ حسبہ بل کو سپریم کورٹ نے دوسری بار معطل کر کے آئین سے تجاوز کیا ہے جس سے بقول ان کے عدالت عظمٰی کی حیثیت متنازعہ ہوگئی ہے۔ پیر کو وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو میں اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کسی قانون یا آئینی شق کی تشریح تو کرسکتی ہے لیکن اسے معطل یا منسوخ کرنے کا اسے کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقوقِ نسواں بل پر ملک کے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام متفق ہیں کہ یہ قانون آئین سے متصادم ہے لیکن اس بل پر عدالت عظمٰی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جس سے بقول ان کے سپریم کورٹ کا دوہرا رویہ واضح ہے اور اس سے عدالت کی غیر جانبدار حیثیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا’سپریم کورٹ نے کیوں کر حسبہ بل کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا اوراسے معطل رکھا ہوا ہے ، ہم عدالت عظمٰی کے اس دوہرے رویّے پر فکرمند ہیں‘۔ افغانستان میں نیٹو افواج کے خلاف طالبان کی کاروائیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما نے بتایا کہ اتحادی افواج اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیئے پاکستان پر الزامات لگا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں امن معاہدے پر دونوں جانب سے عمل درآمد ہورہا ہے اور ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں کہ قبائلی علاقوں سے افغانستان میں مداخلت ہو رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اتحادی افواج عراق اور افغانستان میں شکست کو چھپانے کے لیئے غلط بیانی سے کام نہ لیں بلکہ اس بات کو تسلیم کریں کہ ان ممالک میں ان کی آمد غلط اورناجائز تھی اور انہیں فوری طور پر ان دونوں ممالک کو چھوڑ دینا چاہیے۔ اس سے پہلے مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلٰی ہاؤس میں رویت ہلال کے معاملے پر صوبہ بھر سے آئے ہوئے سو سے زائد علماء کرام کے ایک اجلاس سے خطاب کیا جس کی صدارت ممتاز عالم دین مولانا حسن جان نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رویت کے معاملے پر ہر سال جو اختلافات پیدا ہوتے ہیں ان کو ختم ہوجانا چاہیئے اور ملک میں ایک ہی دن متفقہ طور پر عید ہونی چاہیے۔ | اسی بارے میں سپریم کورٹ نے حسبہ بل روک دیا15 December, 2006 | پاکستان حسبہ بل کے لیے آئینی لڑائی ہوگی15 December, 2006 | پاکستان حسبہ بل، حکومت مخمصے میں14 December, 2006 | پاکستان ’حسبہ بل کا نفاذ فوراً روکا جائے‘10 December, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||