فیصل آباد ریلی میں گرفتاریاں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں تحفظ نسواں قانون کے خلاف موٹرسائیکل ریلی نکالنے پر ایک مذہبی جماعت کے درجن بھر کارکنوں کو اتوار کے روز گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس ریلی کی کال جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم شباب ملی نے دی تھی تاہم انہوں نے ریلی کے لیے سڑکوں پر آنے کے راستے اور طریقہ کار کو آخری وقت تک خفیہ رکھا۔ دوسری جانب حفاظتی اقدامات کے تحت شہر کے مرکزی علاقے چنیوٹ بازار میں جماعت اسلامی کے دفتر کو جانے والے تمام راستوں پر پولیس تعینات تھی۔ دوپہر کو اچانک شباب ملی کےتین سو کے قریب موٹر سائیکل سواروں کا ایک قافلہ جماعت اسلامی کے پرچم لہراتا نمودار ہوا۔ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن موٹرسائیکل سوار ان گلیوں میں گھس گئے جہاں پولیس تعینات نہیں تھی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس سے چند مظاہرین زخمی ہوئے۔پولیس اور موٹرسائیکل سواروں کی آنکھ مچولی کچھ دیر جاری رہی جس دوران پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے تیرہ کارکنوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے جبکہ پولیس کے مطابق کوئی سو کے قریب موٹرسائیکلیں بھی پکڑی گئی ہیں۔ پاکستان میں مذہبی جماعتوں کے سیاسی اتحاد مجلس عمل نے تحفظ حقوق نسواں کے قانون کو غیر شرعی اور غیر قانونی قرار دے رکھا ہے اور اتحاد کی ایک بڑی پارٹی جماعت اسلامی اس بارے میں سخت موقف اختیار رکھے ہوئے ہے۔ تیس نومبر کو بھی مجلس عمل نے لاہور سے گجرات تک ایک ریلی نکالنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس نے مجلس عمل کے متعدد کارکنوں اور رہنماؤں کو حراست میں لیا تھا۔ حکمران مسلم لیگ اور اس کی بعض اتحادی جماعتیں اس قانون کو اسلام کے مطابق قرار دیتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور انسانی حقوق کی بعض تنظیموں کا کہنا ہے کہ مذہبی جماعتوں کے دباؤ میں آکر حکومت حدود آرڈیننس سنہ انیس سو اناسی کی تمام متنازعہ شقیں ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ | اسی بارے میں رکن اسمبلی نے استعفٰی پیش کر دیا12 November, 2006 | پاکستان لاہور: لاٹھی چارج اورگرفتاریاں30 November, 2006 | پاکستان باجوڑ: مستعفی ایم این اے گرفتار25 November, 2006 | پاکستان حدودبل،اختلافات نہیں:شوکت عزیز04 December, 2006 | پاکستان جے یو آئی: استعفوں کا فیصلہ ترک06 December, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||