ڈینگی وائرس سے 400 افراد متاثر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی وزارتِ صحت کے سیکریٹری انور محمود نے کہا ہے کہ تاحال ملک بھر میں ساڑھے چار سو کے قریب افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہیں۔ منگل کی شام کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں میں پندرہ سو افراد کے ڈینگی وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈینگی وائرس کا تجزیہ کرنے والی ’کٹس‘ کی کمی نہیں ہے۔ وفاقی سیکریٹری صحت نے بتایا کہ سب سے زیادہ ڈینگی وائرس کے کیسز ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ریکارڈ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چودہ سو چورانوے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے تیرہ سو بانوے ٹیسٹ صوبہ سندھ میں ہوئے۔ ان کے مطابق چار سو پچپن افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس میں سے چار سو اکتیس صوبہ سندھ میں ہیں۔ انور محمود نے بتایا کہ اب تک اسلام آباد میں پندرہ، راولپنڈی میں سولہ، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں چار، صوبہ پنجاب کے اضلاع خوشاب اور چکوال میں تین تین جبکہ صوبہ سرحد کے شہر پشاور میں ایک ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی نسبت اس بار ڈینگی وائرس کی شدت اور شرح اموات بھی خاصی کم ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس وائرس کے پھیلنے میں مرکزی حکومت کی کوتاہی نہیں ہے۔ ان کے بقول یہ وائرس گندگی کی وجہ سے ہوتا ہے اور صفائی کا انتظام کرنا صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان میں چوبیس افراد ڈینگی وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ عید پر لوگ ایک شہر سے دوسرے شہر جارہے ہیں اور اس سے بھی اس بیماری کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔ نیوز کانفرنس میں اقوام متحدہ کی صحت سے متعلق تنظیم کے نمائندے ڈاکٹر خالد بھی موجود تھے اور انہوں نے بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان کی مکمل مدد کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر ڈینگی وائرس کا تجزیہ کرنے کے لیئے ’کٹس‘ کی کمی ہوئی تو وہ اس کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ | اسی بارے میں کراچی میں شدید بخار، پانچ ہلاک03 October, 2006 | پاکستان ڈینگی فیور: گیارہ سو سے زائد متاثر21 October, 2006 | پاکستان ڈینگو بخار سے اٹھارہ ہلاک14 October, 2006 | پاکستان پاکستان: ڈینگو سے بچاؤ کی مہم14 October, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||